Tafseer-e-Mazhari - Ibrahim : 28
اَلَمْ تَرَ اِلَى الَّذِیْنَ بَدَّلُوْا نِعْمَتَ اللّٰهِ كُفْرًا وَّ اَحَلُّوْا قَوْمَهُمْ دَارَ الْبَوَارِۙ
اَلَمْ تَرَ : کیا تم نے نہیں دیکھا اِلَى : کو الَّذِيْنَ : وہ جنہوں نے بَدَّلُوْا : بدل دیا نِعْمَةَ اللّٰهِ : اللہ کی نعمت كُفْرًا : ناشکری سے وَّاَحَلُّوْا : اور اتارا قَوْمَهُمْ : اپنی قوم دَارَ الْبَوَارِ : تباہی کا گھر
کیا تم نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جنہوں نے خدا کے احسان کو ناشکری سے بدل دیا۔ اور اپنی قوم کو تباہی کے گھر میں اتارا
الم تر الی الذین بدلوا نعمت اللہ کفرا کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جنہوں نے بجائے نعمت الٰہی کے کفر کیا۔ یعنی اللہ کی نعمت کے شکریہ کو ناشکری سے بد ل دیا (شکر کے بجائے ناشکری کی) یا یہ مطلب ہے کہ اللہ کی نعمت کو ناشکری سے بدل دیا ‘ ناشکری کی وجہ سے ان سے اللہ کی نعمت چھین لی گئی تو گویا انہوں نے بجائے نعمت کے ‘ ناشکری کو پسند کرلیا۔ بخاری نے صحیح بخاری میں حضرت ابن عباس کا قول نقل کیا ہے کہ وا اللہ ! وہ کفار قریش تھے (یعنی کفار قریش آیت میں مراد ہیں) حضرت عمر نے فرمایا : وہ (ناشکرے) قریش تھے اور اللہ کی نعمت محمد ﷺ کی ذات تھی۔ ابن جریر نے عطاء بن یسار کا قول نقل کیا ہے کہ بدر کی جنگ میں جو لوگ مکہ والوں میں سے مارے گئے ‘ وہ مراد ہیں۔ اللہ نے ان کو پیدا کیا ‘ حرم کا ساکن بنایا جہاں ہر طرف سے پھل اور غلہ لایا جاتا تھا (اور چین کے ساتھ مکہ والے بیٹھے کھاتے تھے) اصحاب فیل (نے جب کعبہ پر چڑھائی کی تو اللہ نے ان) کو مکہ والوں کی طرف سے دفع کیا ‘ ان کیلئے رزق کے دروازے کھول دئیے (شام و یمن کو) سردی و گرمی کے زمانہ میں سفر کرنے کا ان کو خوگر اور مانوس بنایا (تاکہ غلہ ‘ پھل ‘ کپڑا اور ہر ضرورت کی چیز ان کو بافراط مل سکے) اور انہی میں سے محمد ﷺ کو رسول بنا کر بھیجا تاکہ آپ ان کو قرآن پڑھ کر سنائیں ‘ ان کے عقائد و اخلاق کو پاکیزہ اور ستھرا بنائیں اور ان کو قرآن و حکمت کی تعلیم دیں اور تمام لوگوں کو ان کا تابع بنایا ‘ لیکن انہوں نے ان تمام نعمتوں کی ناشکری کی ‘ رسول اللہ ﷺ کے دشمن بن گئے اور ہدایت کو چھوڑ کر گمراہی پر قائم رہے۔ آخر قحط ہفت سالہ میں مبتلا ہوئے اور بدر کے دن قید بھی ہوئے اور مارے بھی گئے اور ذلیل بھی ہوئے اور مرتے دم تک اللہ کی مذکورہ نعمتوں سے محروم ہوگئے۔ واحلوا قومھم دارالبوار اور (کفر پر ابھار کر) انہوں نے اپنی قوم کو ہلاکت کے مقام میں اتار دیا۔
Top