64. At-Taghaabunالتغابن

Mutual Disillusion · Medinan · 18 ayahs · 2 rukus · مولانا عبد الماجد دریابادی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

  1. یُسَبِّحُ لِلّٰهِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ١ۚ لَهُ الْمُلْكُ وَ لَهُ الْحَمْدُ١٘ وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ﴿1﴾

    اللہ ہی کی پاکی بیان کرتی ہیں جو کچھ کہ آسمانوں اور جو کچھ کہ زمین میں ہیں اسی کی حکومت ہے اور اسی کی (ہر) تعریف ہے اور وہی ہر شے پر قادر ہے۔
  2. هُوَ الَّذِیْ خَلَقَكُمْ فَمِنْكُمْ كَافِرٌ وَّ مِنْكُمْ مُّؤْمِنٌ١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ﴿2﴾

    وہ وہی ہے جس نے تم (سب) کو پیدا کیا سو بعض تم میں سے کافر ہیں اور بعض تم میں سے مومن اور اللہ تمہارے (سارے) اعمال کو دیکھ رہا ہے۔
  3. خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِالْحَقِّ وَ صَوَّرَكُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَكُمْ١ۚ وَ اِلَیْهِ الْمَصِیْرُ﴿3﴾

    اسی نے آسمانوں اور زمین کو ٹھیک ٹھیک پیدا کیا اور تمہارا نقشہ بنایا سو تمہارا (کیسا) اچھا نقشہ بنایا اور اسی کی طرف (سب کی) واپسی ہے۔
  4. یَعْلَمُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ یَعْلَمُ مَا تُسِرُّوْنَ وَ مَا تُعْلِنُوْنَ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوْرِ﴿4﴾

    وہ سب چیزوں کو جانتا ہے جو آسمانوں میں اور زمین میں ہیں۔ اور وہ سب کچھ جانتا ہے جو تم پوشیدہ کرتے ہو اور جو تم علانیہ کرتے ہو اور اللہ تو دلوں تک کی بات خوب جاننے والا ہے۔
  5. اَلَمْ یَاْتِكُمْ نَبَؤُا الَّذِیْنَ كَفَرُوْا مِنْ قَبْلُ١٘ فَذَاقُوْا وَبَالَ اَمْرِهِمْ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ﴿5﴾

    کیا تمہیں ان لوگوں کی خبر نہیں پہنچی جو (تم سے) قبل کفر کرچکے ہیں سو انہوں نے اپنے کرتوت کا وبال چکھا اور ان کے لئے عذاب درد ناک ہے۔
  6. ذٰلِكَ بِاَنَّهٗ كَانَتْ تَّاْتِیْهِمْ رُسُلُهُمْ بِالْبَیِّنٰتِ فَقَالُوْۤا اَبَشَرٌ یَّهْدُوْنَنَا١٘ فَكَفَرُوْا وَ تَوَلَّوْا وَّ اسْتَغْنَى اللّٰهُ١ؕ وَ اللّٰهُ غَنِیٌّ حَمِیْدٌ﴿6﴾

    یہ اس سبب سے کہ ان کے پاس ان کے پیغمبر کھلے ہوئے نشان لے کر آئے اس پر وہ بولے کہ کیا انسان ہم کو ہدایت کریں گے ؟ غرض انہوں نے کفر کیا اور اعراض کیا اور اللہ نے (ان کی کچھ) پرواہ نہ کی اور اللہ بےنیاز ہے ستودہ صفات ہے۔
  7. زَعَمَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْۤا اَنْ لَّنْ یُّبْعَثُوْا١ؕ قُلْ بَلٰى وَ رَبِّیْ لَتُبْعَثُنَّ ثُمَّ لَتُنَبَّؤُنَّ بِمَا عَمِلْتُمْ١ؕ وَ ذٰلِكَ عَلَى اللّٰهِ یَسِیْرٌ﴿7﴾

    جو لوگ کافر ہیں ان کا خیال ہے کہ وہ (دوبارہ) اٹھائے نہ جائیں گے آپ (ان سے) کہئے ضرور اور قسم ہے میرے پروردگار کی تم ضرور اٹھائے جاؤ گے پھر جو کچھ تم کرچکے ہو اس کی تمہیں خبر دی جائے گی اور یہ اللہ پر (بالکل) آسان ہے۔
  8. فَاٰمِنُوْا بِاللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ النُّوْرِ الَّذِیْۤ اَنْزَلْنَا١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌ﴿8﴾

    تو اب اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس نور پر بھی جو ہم نے نازل کیا ہے اور اللہ تمہارے اعمال کی پوری خبر رکھتا ہے۔
  9. یَوْمَ یَجْمَعُكُمْ لِیَوْمِ الْجَمْعِ ذٰلِكَ یَوْمُ التَّغَابُنِ١ؕ وَ مَنْ یُّؤْمِنْۢ بِاللّٰهِ وَ یَعْمَلْ صَالِحًا یُّكَفِّرْ عَنْهُ سَیِّاٰتِهٖ وَ یُدْخِلْهُ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًا١ؕ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ﴿9﴾

    وہ دن (یاد رکھو جب) وہ تمہیں اس جمع کرنے والے دن میں جمع کرے گا یہی (دن) ہے نقصان (ونفع) کے ظاہر ہونے کا دن اور جو کوئی اللہ پر ایمان رکھتا ہوگا اور نیک کام کرتا ہوں گا اللہ اس کے گناہ اس سے دور کردے گا اور اسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں پڑی بہ رہی ہوں گی ان میں وہ ہمیشہ ہمیش رہیں گے یہ بڑی ہی کامیابی ہے۔
  10. وَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ كَذَّبُوْا بِاٰیٰتِنَاۤ اُولٰٓئِكَ اَصْحٰبُ النَّارِ خٰلِدِیْنَ فِیْهَا١ؕ وَ بِئْسَ الْمَصِیْرُ۠ع﴿10﴾

    اور جو لوگ کافر رہے اور ہماری نشانیوں کو جھٹلاتے رہے تھے یہ لوگ دوزخی ہیں اس میں ہمیشہ رہیں گے اور برا ٹھکانہ ہے
  11. مَاۤ اَصَابَ مِنْ مُّصِیْبَةٍ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰهِ١ؕ وَ مَنْ یُّؤْمِنْۢ بِاللّٰهِ یَهْدِ قَلْبَهٗ١ؕ وَ اللّٰهُ بِكُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ﴿11﴾

    کوئی مصیبت ایسی نہیں آتی جو بجز اللہ کے حکم کے ہو اور جو کوئی اللہ پر ایمان رکھتا ہے وہ اسے راہ دکھا دیتا ہے اور اللہ پر چیز کو خوب ہی جانتا ہے۔
  12. وَ اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ١ۚ فَاِنْ تَوَلَّیْتُمْ فَاِنَّمَا عَلٰى رَسُوْلِنَا الْبَلٰغُ الْمُبِیْنُ﴿12﴾

    تم اطاعت کرو اللہ کی اور اطاعت کرو رسول کی پھر اگر تم نے روگردانی کی تو ہمارے رسول کے ذمہ تو صرف صاف صاف پہنچا دینا ہے۔
  13. اَللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ؕ وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ﴿13﴾

    اللہ وہی ہے جس کے سوا کوئی خدا نہیں اور ایمان والے بس اللہ ہی پر بھروسہ رکھتے ہیں۔
  14. یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنَّ مِنْ اَزْوَاجِكُمْ وَ اَوْلَادِكُمْ عَدُوًّا لَّكُمْ فَاحْذَرُوْهُمْ١ۚ وَ اِنْ تَعْفُوْا وَ تَصْفَحُوْا وَ تَغْفِرُوْا فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ﴿14﴾

    اے ایمان والو تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد ہی میں سے تمہارے دشمن ہیں سو ان سے ہوشیار رہو۔ اور اگر تم معاف کردو اور درگزر کرجاؤ اور بخش دو تو اللہ بڑا بخشنے والا ہے بڑا رحم کرنے والا ہے۔
  15. اِنَّمَاۤ اَمْوَالُكُمْ وَ اَوْلَادُكُمْ فِتْنَةٌ١ؕ وَ اللّٰهُ عِنْدَهٗۤ اَجْرٌ عَظِیْمٌ﴿15﴾

    تمہارے مال اور تمہاری اولاد تو بس آزمائش ہی (کی چیزیں) ہیں اور اللہ کے پاس بڑا اجر ہے۔
  16. فَاتَّقُوا اللّٰهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ وَ اسْمَعُوْا وَ اَطِیْعُوْا وَ اَنْفِقُوْا خَیْرًا لِّاَنْفُسِكُمْ١ؕ وَ مَنْ یُّوْقَ شُحَّ نَفْسِهٖ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴿16﴾

    سو اللہ سے ڈرتے رہو جہاں تک تم سے ہوسکے اور سنتے رہو اور اطاعت کرتے رہو اور اپنے حق میں بھلائی کے لئے خرچ کرتے رہو۔ اور جو کوئی محفوظ رہا حرص نفسانی سے تو یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں۔
  17. اِنْ تُقْرِضُوا اللّٰهَ قَرْضًا حَسَنًا یُّضٰعِفْهُ لَكُمْ وَ یَغْفِرْ لَكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ شَكُوْرٌ حَلِیْمٌۙ﴿17﴾

    اگر تم اللہ کو اچھی طرح قرض دو گے تو وہ اس کو تمہارے لئے بڑھاتا چلا جائے گا اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بڑا قدرداں ہے بڑا بردبار ہے۔
  18. عٰلِمُ الْغَیْبِ وَ الشَّهَادَةِ الْعَزِیْزُ الْحَكِیْمُ۠ع﴿18﴾

    پوشیدہ اور ظاہر کا جاننے والا ہے زبردست ہے حکمت والا ہے۔