Urwatul-Wusqaa - Al-Muminoon : 69
اَمْ لَمْ یَعْرِفُوْا رَسُوْلَهُمْ فَهُمْ لَهٗ مُنْكِرُوْنَ٘
اَمْ : یا لَمْ يَعْرِفُوْا : انہوں نے نہیں پہچانا رَسُوْلَهُمْ : اپنے رسول فَهُمْ : تو وہ لَهٗ : اس کے مُنْكِرُوْنَ : منکر ہیں
یا یہ اپنے رسول کو پہچان نہ سکے اس لیے منکر ہوگئے ؟
کیا یہ اپنے رسول کو پہچان نہ سکے اس لئے منکر ہوگئے ؟ ۔ 69۔ کیا یہ لوگ نبی اعظم وآخر ﷺ کو پہچان ہی نہ سکے ؟ کیوں نہیں وہ رسول تو ان کو اتنی دل سوزی اور اخلاص سے بار بار دعوت حق دے رہا ہے یہ کوئی اجنبی شخص نہیں ہے جس سے یہ متعارف نہ ہوں ‘ جس کا ماضی ان سے مخفی ہو یہ سب لوگ تو اس رسول مقدس کو اچھی طرح پہچانتے ہیں اس کی عالی نسبی ‘ اس کی خاندانی شرافت ‘ اس کے ذاتی اوصاف واخلاق سے خوب آگاہ ہیں ۔ کل تک انہیں کی زبانیں اسے صادق اور امین کے معزز القاب سے خطاب کر رہی تھیں ، نہیں ہرگز نہیں ان کے انکار کا باعث محض ہٹ دھرمی ہے اور وہ اس ترنگ میں آگئے ہیں کہ ” ہم چوما دیگرے نیست “ یہ لوگ اپنے باپ دادا کے رسم و رواج کو چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ۔ وہ اپنے باپ دادا کی جہالت کے خلاف کچھ سننے کے لئے تیار نہیں اس میں وہ جو کچھ کر رہے ہیں دیدہ دانستہ کر رہے ہیں اس لئے یقینا اس انکار کا انجام ان کو معلوم ہوجائے گا کہ وہ کیا ہوتا ہے اور کیسا ہوتا ہے ؟
Top