Tafseer-e-Madani - Al-Haaqqa : 18
یَوْمَئِذٍ تُعْرَضُوْنَ لَا تَخْفٰى مِنْكُمْ خَافِیَةٌ
يَوْمَئِذٍ : اس دن تُعْرَضُوْنَ : تم پیش کیے جاؤ گے لَا تَخْفٰى مِنْكُمْ : نہ چھپ سکے گی تم سے خَافِيَةٌ : چھپنے والی۔ کوئی راز
اس روز تمہیں پیش کیا جائے گا (اپنے رب کے حضور) اس حال میں کہ چھپی نہ رہے گی تمہاری کوئی بات (اس سے)3
16 روز قیامت کی پیشی اور حضور عدالت کا ذکر : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اس روز تم سب کو پیش کیا جائے گا تمہارے رب کے حضور اس حال میں کہ تمہاری کوئی بھی بات چھپی نہیں رہے گی۔ بلکہ زندگی بھر کا سب کچھ کیا کرایا تمہارے سامنے ہوگا اور اسی کے مطابق تمہیں اپنے کئے کرائے کا بدلہ ملے گا تاکہ عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہوں ‘ سو جب تم کو تمہارے رب کے حضور پیش کیا جائے گا ‘ تو تمہارے احوال و کو ائف میں سے کوئی بھی چیز اس سے مخفی و مستور نہیں رہے گی ‘ کہ وہ ہر چیز کو پوری طرح جانتا ہے ‘ زمین و آسمان کی کوئی بھی چیز اس سے مخفی نہیں رہ سکتی ‘ جیسا کہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا " وما یخفی علی اللہ من شیء فی الارض ولا فی السمائ " (ابراہیم : 38) اور قیامت کے روز تو تمہاری یہ کیفیت اور بھی زیادہ واضح ہوگی کہ اس روز جب آسمان و زمین کی ساری بساط کو لپیٹ کر رکھ دیا جائے گا تو نہ کسی کیلئے چھپنے کی کوئی جگہ ہوگی اور نہ چھپانے کی کوئی چیز جیسا کہ دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا گیا " یوم ھم بار زون لایخفی علی اللہ منھم شی " (المومن :16) ۔ یعنی اس روز یہ سب سامنے موجود ہوں گے ‘ ان کی کوئی بھی چیز اللہ سے مخفی نہیں ہوگی۔
Top