Tafseer-e-Madani - Al-Haaqqa : 39
وَ مَا لَا تُبْصِرُوْنَۙ
وَمَا لَا : اور جو نہیں تُبْصِرُوْنَ : تم دیکھتے
اور ان کی بھی جن کو تم نہیں دیکھتے
33 ایک اہم اور جامع قسم کا ذکر وبیان : سو اس سے منکرین کے زعم باطل کی تکذیب و تردید کیلئے ایک اہم اور جامع قسم کا ذکر فرمایا گیا ہے۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ میں قسم کھاتا ہوں ان چیزوں کی جن کو تم لوگ دیکھتے ہو اور ان کی بھی جن کو تم لوگ نہیں دیکھتے۔ پس اس میں سب ہی چیزوں کی قسم آگئی ‘ خالق و مخلوق ‘ دنیا و آخرت ‘ ظواہر و بواطن ‘ اجسام و ارواح ‘ انس و جن ‘ آثار و اسرار وغیرہ سب کی کہ " ماتبصرون وما لا تبصرون " کا عموم ان سب کو شامل ہے ‘ سو اس جامع قسم کے ساتھ ارشاد فمرایا گیا کہ تم لوگ جو پیغمبر کو ساحر اور شاعر وغیرہ قرار دیتے ہو سب غلط اور باطل ہے۔ بات ایسے نہیں ہے بلکہ ان کا کہنا اللہ کی طرف سے ہے ‘ اور جس سزا و جزا کی خبر پیغمبر تمہیں دے رہے ہیں عالم مشہود اور غیر مشہود سب کے دلائل اس کی تائید و تصدیق کرتے ہیں ‘ اس لئے تم لوگ اس کو کسی شاعر یا کاہن کا قول قرار دے کر جھٹلانے کی کوشش نہ کرو ‘ کہ اس میں تمہاری اپنی محرومی ہے ‘ یہ کسی شیطان کا یا کسی جن کا کلام ہوسکتا ہی نہیں ‘ بلکہ یہ ایک نہایت ہی معزز فرشتے کی لائی ہوئی وحی اور ایک نہایت ہی معزز رسول کا پیش کردہ کلام خداوندی ہے ‘ جس کو حضرت حق جل مجدہ نے اپنے بندوں کی بہتری اور بھلائی کیلئے نازل فرمایا ہے تاکہ وہ دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفراز ہوسکیں۔ پس دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفرازی کا راستہ وہی اور صرف وہی ہے جس کی ہدایت و رہنمائی یہ کتاب ہدایت قرآن مجید کرتا ہے اور بس۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید ‘ وعلی مایحب ویرید۔ بکل حال من الاحوال۔
Top