Tafseer-e-Madani - Al-Ghaashiya : 7
لَّا یُسْمِنُ وَ لَا یُغْنِیْ مِنْ جُوْعٍؕ
لَّا يُسْمِنُ : نہ موٹا کرے گی وَلَا : اور نہ يُغْنِيْ : بےنیاز کرے گی مِنْ جُوْعٍ : بھوک سے
جو نہ موٹا کرے اور نہ بھوک سے ہی کچھ کام آئے
(5) دوزخیوں کا کھانا ضریع، والعیاذ باللہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " وہاں ان کے لیے کھانے کا کوئی سامان نہیں ہوگا سوائے اس کے "۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ " ضریع " اصل میں زمین پر پھیلی پڑی ایک خاص قسم کی ایسی خادار گھاس کو کہا جاتا ہے جو کہ خشک ہوچکی ہو، خشک ہونے سے قبل اسے عرب " شبرق " کہتے ہیں۔ یہ نہایت گندی اور بدبودار گھاس ہوتی ہے، قتادہ (رح) کہتے ہیں کہ یہ بڑی خبیث اور بری خوراک ہوگی جو اہل دوزخ کو کھلائی جائے گی، والعیاذ باللہ العظیم۔ ( روح، قرطبی، ابن کثیر، محاسن التاویل، مدارک التنزیل، صفوۃ التفاسیر اور خازن وغیرہ) یہاں پر یہ بھی واضح رہے کہ اہل دوزخ کے لیے جو " ضریع " کی خوراک کا ذکر یہا پر پر بطور حصر فرمایا گیا ہے تو یہ حصر حقیقی نہیں اضافی ہے، یعنی اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کو صرف " ضریع " ہی کھانے کو ملے گی اور بس۔ نہیں بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کو کوئی بھی اچھی کام کی اور مرغوب و مفید خوراک نہیں ملے گی، بلکہ ان کو اسی طرح کی مختلف خوراکیں ملیں گی جن میں سے ہر ایک دوسری سے بڑھ کر باعث عذاب ہوگی، والعیاذ باللہ العظیم۔ سو ان کو وہاں پر کبھی " زقوم " ملے گی، کبھی " غسلین " اور کبھی " ضریع "۔ یا مختلف لوگوں کو مختلف غذائیں ان کے حال کے مناسب دی جائیں گی، والعیاذ باللہ العظیم۔ بہرکیف اس سے پانی کے بعد ان کے کھانے کا ذکر فرمایا گیا ہے جو ان بدبختوں کو دوزخ میں ملے گا، والعیاذ باللہ العظیم۔ اللہ ہمیشہ اپنی حفاظت اور پناہ میں رکھے۔ آمین۔ اور " ضریع " کے اس ہولناک کھانے کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا کہ نہ وہ موٹا کرے گا، اور نہ بھوک سے کچھ کام آئے گا، اور ظاہر ہے کہ غذا کے اصل اور بنیادی فائدے یہی دو ہوتے ہیں ایک جسم کی توانائی کو قائم اور باقی رکھنا اور دوسرا بھوک کی اذیت کو دفع کرنا، دوزخیوں کی اس خوراک میں ان دونوں میں سے کوئی بھی فائدہ نہیں ہوگا، نہ اس سے ان کے جسموں میں کوئی توانائی میسر آئے گی اور نہ ہی اس سے ان کی بھوک رفع ہوگی، گویا اس خوراک سے ان کے حصے میں صرف چبانے اور نگلنے کی اذیت آئے گی اور بس۔ سو ارشاد فرمایا گیا " وہ گھاس نہ موٹا کرے گی اور نہ بھوک مٹائے گی "۔ یعنی غذ ا کے جو مشہور و معروف اور مقصود فائدے ہوتے ہیں ان میں سے کوئی بھی ان کو حاصل نہیں ہوگا، کہ وہ دراصل غذا ہوگی ہی نہیں بلکہ نرا عذاب ہوگا۔ والعیاذ باللہ جل وعلا۔
Top