Tafseer-e-Mazhari - Ash-Shu'araa : 213
فَلَا تَدْعُ مَعَ اللّٰهِ اِلٰهًا اٰخَرَ فَتَكُوْنَ مِنَ الْمُعَذَّبِیْنَۚ
فَلَا تَدْعُ : پس نہ پکارو مَعَ اللّٰهِ : اللہ کے ساتھ اِلٰهًا اٰخَرَ : کوئی دوسرا معبود فَتَكُوْنَ : کہ ہوجاؤ مِنَ : سے الْمُعَذَّبِيْنَ : مبتلائے عذاب
تو خدا کے سوا کسی اور معبود کو مت پکارنا، ورنہ تم کو عذاب دیا جائے گا
فلا تدع مع اللہ الہا اخر فتکون من المعذبین۔ سو اللہ کی موجودگی میں تم کسی اور معبود کو نہ پکارو کہیں تم بھی ان ہی لوگوں میں سے ہوجاؤ جن کو عذاب دیا جائے گا۔ حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا (بظاہر خطاب رسول اللہ ﷺ : کو ہے لیکن حقیقت میں) اس سے دوسروں کو ڈرانا مقصود ہے گویا یوں فرمایا کہ آپ تمام مخلوق میں میرے نزدیک زیادہ معزز ہیں لیکن اگر آپ بھی میرے سوا دوسرے کو معبود بنائیں گے تو آپ کو بھی عذاب دوں گا۔
Top