Tafseer-e-Mazhari - Al-Maaida : 46
وَ قَفَّیْنَا عَلٰۤى اٰثَارِهِمْ بِعِیْسَى ابْنِ مَرْیَمَ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ مِنَ التَّوْرٰىةِ١۪ وَ اٰتَیْنٰهُ الْاِنْجِیْلَ فِیْهِ هُدًى وَّ نُوْرٌ١ۙ وَّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ مِنَ التَّوْرٰىةِ وَ هُدًى وَّ مَوْعِظَةً لِّلْمُتَّقِیْنَؕ
وَقَفَّيْنَا : اور ہم نے پیچھے بھیجا عَلٰٓي : پر اٰثَارِهِمْ : ان کے نشان قدم بِعِيْسَى : عیسیٰ ابْنِ مَرْيَمَ : ابن مریم مُصَدِّقًا : تصدیق کرنے والا لِّمَا : اس کی جو بَيْنَ يَدَيْهِ : اس سے پہلے مِنَ : سے التَّوْرٰىةِ : توریت وَاٰتَيْنٰهُ : اور ہم نے اسے دی الْاِنْجِيْلَ : انجیل فِيْهِ : اس میں هُدًى : ہدایت وَّنُوْرٌ : اور نور وَّمُصَدِّقًا : اور تصدیق کرنے والی لِّمَا : اس کی جو بَيْنَ يَدَيْهِ : اس سے پہلے مِنَ : سے التَّوْرٰىةِ : توریت وَهُدًى : اور ہدایت وَّمَوْعِظَةً : اور نصیحت لِّلْمُتَّقِيْنَ : پرہیزگاروں کے لیے
اور ان پیغمبروں کے بعد انہی کے قدموں پر ہم نے عیسیٰ بن مریم کو بھیجا جو اپنے سے پہلے کی کتاب تورات کی تصدیق کرتے تھے اور ان کو انجیل عنایت کی جس میں ہدایت اور نور ہے اور تورات کی جو اس سے پہلی کتاب (ہے) تصدیق کرتی ہے اور پرہیزگاروں کو راہ بتاتی اور نصیحت کرتی ہے
وقفینا علی اثارہم بعیسی ابن مریم اور ہم نے ان انبیاء کے بعد عیسیٰ بن مریم کو بھیجا۔ مصدقا لما بین یدیہ من التوارۃ کہ وہ اپنے سے پہلے والی کتاب یعنی توریت کی تصدیق کرتے تھے۔ واتیناہ الانجیل فیہ ہدی ونور اور ہم نے ان کو انجیل دی جس کے اندر ہدایت اور روشنی تھی۔ ومصدقا لمابین یدیہ من التوراۃ اور جو اپنے سے پہلے والی کتاب یعنی تورات کی تصدیق کرنے والی تھی۔ وہدی وموعظۃ للمتقین پرہیزگاروں کے لئے سراسر ہدایت اور نصیحت تھی۔ فیہ ہدیً جملہ حالیہ ہے اور مصدقاً کا عطف فیہ ہدی پر ہے۔ چونکہ انجیل سے فائدہ اٹھانے والے صرف وہی لوگ ہیں جو اہل تقویٰ ہوں اس لئے خصوصیت کے ساتھ پرہیزگاروں کے لئے انجیل کو ہدایت و نصیحت قرار دیا۔
Top