Urwatul-Wusqaa - Al-Haaqqa : 19
فَاَمَّا مَنْ اُوْتِیَ كِتٰبَهٗ بِیَمِیْنِهٖ١ۙ فَیَقُوْلُ هَآؤُمُ اقْرَءُوْا كِتٰبِیَهْۚ
فَاَمَّا : تو رہا مَنْ اُوْتِيَ : وہ جو دیا گیا كِتٰبَهٗ : کتاب اپنی۔ نامہ اعمال بِيَمِيْنِهٖ : اپنے دائیں ہاتھ میں فَيَقُوْلُ : تو وہ کہے گا هَآؤُمُ : لو اقْرَءُوْا : پڑھو كِتٰبِيَهْ : میری کتاب
پھر جس کو اس کا نامہ اعمال داہنے ہاتھ میں دیا گیا تو وہ کہے گا کہ آؤ میرا نامہ اعمال پڑھو
جس کو اعمال نامہ اس کے دائیں ہاتھ میں دیا گیا وہ دوسروں کو پڑھنے کی دعوت دے گا 19 ؎ میدان حشر میں ہر انسان کا نتیجہ آئوٹ (Result Out) ہونے اور اس کے فیل اور پاس ہونے کی ایک ایسی علامت بیان کردی گئی کہ کروڑوں کیا اربوں ، کھربوں انسان ہوں تو بھی ان کا نتیجہ سناتے اتنی دیر لگے گی جتنا کہ ایک انسان کو اس کا مجمل نتیجہ بنانے پر صرف ہوتا ہے۔ نتیجہ کے مجمل سنانے اور مفصل سنانے میں جو فرق ہے وہ یہ ہے کہ مجمل میں فقط فیل اور پاس کی علامت دی جاتی ہے اور مفصل میں ایک ایک پرچہ کی پوری وضاحت دی گئی ہوتی ہے کہ اس میں اتنے نمبر تھے اور امتحان دینے والے نے اتنے نمبر حاصل کئے ہیں۔ پھر نتیجہ پیش کئے جانے کی علامت کے طور پر یہ بتایا گیا ہے کہ پاس ہونے والوں کے داہنے ہاتھ میں ان کا رزلٹ دیا جائے گا اور فیل ہونے والوں کے بائیں ہاتھ میں پھر اس جگہ ذکر نہیں لیکن سورة الاعراف میں گزر چکا ہے کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہوں گے جن کا نتیجہ لیٹر آن (Later On) ہوگا۔ وہ اعراف میں ہوں گے اور ابھی انتظار کرتے ہوں گے۔ بہرحال اس جگہ ذکر کیا جا رہا ہے کہ جب رزلٹ ان کے سامنے پیش کیا جائے گا تو وہ ان کی مرضی کے مطابق نہیں پکڑایا جائے گا بلکہ اس وقت وہ اللہ کی مرضی کے خلاف کوئی حرکت کر ہی نہ سکیں گے جن کے دائیں ہاتھ میں رزلٹ دیا جائے گا وہ دائیں ہی سے پکڑیں گے اور جن کے بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا وہ بائیں ہی سے پکڑیں گے اور یہ بھی کہ اس کا خلاف نہیں کرسکیں گے۔ جن کے دائیں ہاتھ میں صحیفہ عمل پکڑا دیا جائے گا یہ گویا اس امر کی علامت ہوگی کہ یہ لوگ بحمد اللہ جنتی ہیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے بخشش کے مستحق قرار پائے اور اس وقت ان کی خوشی اور مسرت کا کون اندازہ لگا سکے گا ؟ جتنی خوشی ہوگی اس کا اندازہ کون لگا سکتا ہے۔ وہ خوشی کے عالم میں اپنے جاننے والوں کو ، اپنے اعزہ و اقارب کو ، اپنے دوستوں اور یاروں کو پکاریں گے (ھاوم اقراء و اکتبیہ) کہ آئو میرا اعمال نامہ پڑھو اور دیکھو کہ میرا رزلٹ کیسا رہا ؟
Top