Anwar-ul-Bayan - Maryam : 51
وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى١٘ اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا
وَاذْكُرْ : اور یاد کرو فِي الْكِتٰبِ : کتاب میں مُوْسٰٓى : موسیٰ اِنَّهٗ : بیشک وہ كَانَ : تھا مُخْلَصًا : برگزیدہ وَّكَانَ : اور تھا رَسُوْلًا : رسول نَّبِيًّا : نبی
اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کیجیے بلاشبہ وہ خاص کیے ہوئے تھے اور وہ رسول تھے اور نبی تھے
حضرت موسیٰ ، حضرت ہارون، حضرت اسماعیل اور حضرت ادریس کا تذکرہ حضرت ابراہیم اور حضرت اسحاق اور حضرت یعقوب ( علیہ السلام) کا تذکرہ فرمانے کے بعد حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ان کے بھائی ہارون (علیہ السلام) کا تذکرہ فرمایا موسیٰ (علیہ السلام) کے بارے میں فرمایا کہ وہ مخلص تھے یعنی اللہ تعالیٰ نے ان کو چن لیا اور اپنا خاص اور خالص بندہ بنایا۔ (ھذا علی قراء ۃ الکوفیین بفتح اللام وقراء آخرون بکسرھا والمعنی انہ اخلص عبادتہ عن الشرک والریاء واسلم وجھہ للہ عزوجل واخلص عن سواہ کما قال صاحب الروح ص 103 ج 16) نبی اور رسول میں فرق اور یہ بھی فرمایا کہ موسیٰ (علیہ السلام) رسول تھے اور نبی تھے۔ رسول پہنچانے والا اور نبی خبر دینے والا یہ ان دونوں کا لفظی ترجمہ ہے شریعت کی اصطلاح میں رسول اور نبی اللہ تعالیٰ کے پیغمبروں کے لیے بولا جاتا ہے ان دونوں میں کیا فرق ہے مشہور قول یہ ہے کہ ہر رسول نبی بھی ہے اور رسول میں نبی سے ایک زائد معنی بھی ہے یعنی جسے کتاب دی گئی ہو اور نئی شریعت دے کر بھیجا گیا ہو وہ نبی بھی ہے اور رسول بھی ہے جو حضرات انبیاء کرام (علیہ السلام) انبیاء سابقین کی شریعت کی دعوت دیتے ہیں اور اس کی تبلیغ کرتے ہیں انھیں لغوی اعتبار سے رسول کہا جاتا ہے اور اصطلاحی اعتبار سے نہیں کہا جاتا حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے بارے میں یہ بھی فرمایا کہ ہم نے انھیں طور کی داہنی جانب سے پکارا طور پہاڑ مدین اور مصر کے درمیان ہے اس پر موسیٰ (علیہ السلام) اللہ تعالیٰ سے ہم کلام ہوئے داہنی جانب کا کیا مطلب ہے اس کے بارے میں صاحب روح المعانی لکھتے ہیں کہ اس سے موسیٰ (علیہ السلام) کے داہنی جانب مراد ہے یعنی جب موسیٰ (علیہ السلام) گزر رہے تھے یہ پہاڑ ان کی داہنی جانب پڑگیا تھا (اذا الجبل نفسہ لا میمنۃ لا ولا میسرۃ) صاحب روح المعانی نے یہ بھی لکھا ہے کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ایمن یمن سے مشق ہو جو مبارک ہونے کے معنی میں ہے اور اس صورت میں لفظ ایمن جانب کی بھی صفت بن سکتا ہے اور طور کی بھی یعنی موسیٰ کی مبارک جانب سے ہم نے آواز دی یا طور کی جانب سے آواز دی جو مبارک ہو۔
Top