Anwar-ul-Bayan - An-Nahl : 62
وَ یَجْعَلُوْنَ لِلّٰهِ مَا یَكْرَهُوْنَ وَ تَصِفُ اَلْسِنَتُهُمُ الْكَذِبَ اَنَّ لَهُمُ الْحُسْنٰى١ؕ لَا جَرَمَ اَنَّ لَهُمُ النَّارَ وَ اَنَّهُمْ مُّفْرَطُوْنَ
وَيَجْعَلُوْنَ : اور وہ بناتے (ٹھہراتے ہیں لِلّٰهِ : اللہ کے لیے مَا : جو يَكْرَهُوْنَ : وہ اپنے لیے ناپسند کرتے ہیں وَتَصِفُ : اور بیان کرتی ہیں اَلْسِنَتُهُمُ : ان کی زبانیں الْكَذِبَ : جھوٹ اَنَّ : کہ لَهُمُ : ان کے لیے الْحُسْنٰى : بھلائی لَا جَرَمَ : لازمی بات اَنَّ : کہ لَهُمُ : ان کے لیے النَّارَ : جہنم وَاَنَّهُمْ : اور بیشک وہ مُّفْرَطُوْنَ : آگے بھیجے جائیں گے
اور یہ خدا کے لئے ایسی چیزیں تجویز کرتے ہیں جن کو خود ناپسند کرتے ہیں اور زبان سے جھوٹ بکے جاتے ہیں کہ ان کو (قیامت کے دن) بھلائی (یعنی نجات) ہوگی۔ کچھ شک نہیں کہ ان کیلئے (دوزخ کی) آگ (تیار) ہے اور یہ (دوزخ میں) سب سے آگے بھیجے جائیں گے۔
(16:62) تصف السنتہم الکذب۔ ان کی زبانیں جھوٹ بکتی ہیں کہ ان لہم الحسنی کہ ان کے لئے بھلائی ہی مقدر ہے۔ لاجرم۔ یقینا اور حقاً کا ہم معنی ہے۔ ضروری ۔ یقینی۔ ناگزیر۔ مفرطون۔ اسم مفعول ۔ جمع مذکر۔ افراط (افعال) مصدر۔ آگے بھیجے ہوئے۔ آگے روانہ کئے جانے والے۔ فرط یفرط (باب نصر) آگے بڑھ جانا۔ اور افرط فلان اعجلہ۔ کسی کو آگے جلدی بھیجنا۔ مفرطون۔ ای مقدمون ومعجلون۔ جلدی آگے بھیجے جانے والے۔ وانہم مفرطون۔ اور ان کو (دوزخ میں) پہلے بھیجا جائے گا۔ افراط (باب افعال) زیادتی کرنا۔ عمداً وقصداً آگے بڑھنا۔ تجاوز کرنا۔ اور باب تفعیل سے تفریط کوتاہی کرنا۔
Top