7 ۔” فاذا فرغت فانصب “ یعنی پس آپ مشقت اٹھائیں اور نصب مشقت اٹھانا ہے۔ ابن عباس ؓ قتادہ ضحاک، مقاتل اور کلبی رحمہم اللہ فرماتے ہیں پس جب آپ (علیہ السلام) فرض نماز سے فارغ ہوں تو اپنے رب کی طرف دعا میں مشقت اٹھائیں اور اس کی طرف سوال کرنے میں رغبت کریں وہ آپ (علیہ السلام) کو عطا کرے گا۔ عبدالوہاب بن مجاہد نے اپنے والد سے روایت کیا ہے جب آپ نماز پڑھ لیں تو دعا اور سوال کرنے میں خوب کوشش کریں اور بن مسعود ؓ فرماتے ہیں جب آپ فرائض سے فارغ ہوں تو رات میں قیام میں مشقت اٹھائیں اور شعبی (رح) فرماتے ہیں جب آپ (علیہ السلام) تشہد سے فارغ ہوں تو اپنی دنیا وآخرت کے لئے دعا کریں اور حسن اور زید بن اسلم فرماتے ہیں جب آپ اپنے دشمنوں سے جہاد سے فارغ ہوں تو اپنے رب کی عبادت میں مشقت اٹھائیں اور منصور نے مجاہد سے نقل کیا ہے جب آپ دنیا کے معاملات سے فارغ ہوں تو اپنے رب کی عبادت میں مشقت اٹھائیں اور نماز پڑھیں اور حیان نے کلبی (رح) سے روایت کیا ہے جب آپ ﷺ رسالت کی تبلیغ سے فارغ ہوں تو ” فانصب “ یعنی اپنے اور مومنین کے ذنوب کے لئے استغفار کریں۔