Urwatul-Wusqaa - An-Naml : 61
اُولٰٓئِكَ یُسٰرِعُوْنَ فِی الْخَیْرٰتِ وَ هُمْ لَهَا سٰبِقُوْنَ
اُولٰٓئِكَ : یہی لوگ يُسٰرِعُوْنَ : جلدی کرتے ہیں فِي الْخَيْرٰتِ : بھلائیوں میں وَهُمْ : اور وہ لَهَا : ان کی طرف سٰبِقُوْنَ : سبقت لے جانیوالے ہیں
یہی لوگ ہیں جو بھلائیوں کے لیے تیزگام ہیں اور یہی ہیں جو اس راہ میں سب سے آگے نکل جانے والے ہیں
وہ بھلائیاں حاصل کرنے میں بہت جلدی کرتے ہیں تاکہ سبقت لے جائیں : 61۔ ان لوگوں کی گیارہویں نشانی یہ بتائی جا رہی ہے کہ جہاں دوسرے لوگ مال و دولت جمع کرنے اور گن گن کرے رکھنے میں جلدی کرتے ہیں کہ وہ دوسروں سے کہیں پیچھے نہ رہ جائیں لیکن یہ اللہ کے بندے صبح وشام اس فکر میں مبتلا رہتے ہیں کہ کہیں اعمال صالحہ میں کوئی دوسرا ان سے آگے نہ بڑھ جائے وہ خود پیٹ سے بھوکے رہ کر بھی دوسروں کے پیٹ کو بھرنے کی سعی کرتے ہیں جہاں لوگ کھا کر خوش ہوتے ہیں وہاں یہ کھلا کر خوشی محسوس کرتے ہیں اور بھلائیوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور بلاشبہ وہ کسی بھلائی کو بھی ہلکی بھلائی سمجھ کر ترک نہیں کرتے بلکہ دوسروں پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ پائی پائی کا خیال رکھتے ہیں کہ وہ کسی ایسی راہ میں نہ خرچ ہوجائے جہاں خرچ کرنے کا حکم نہیں ، ان گیارہ نشانیوں کو گیارہویں شریف کے ثبوت کے طور پر استعمال نہ کیجئے کہ ایک ثبوت مزید مل گیا بلکہ ان میں سے ایک ایک پر غور کرو کہ ان میں سے کوئی ایک بھی ضائع نہ ہونے پائے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان کے حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم ان میں سے ہر ایک کو حاصل کرنے کے لئے دن رات کوشاں رہیں ۔
Top