Tafseer-e-Madani - Aal-i-Imraan : 84
قُلْ اٰمَنَّا بِاللّٰهِ وَ مَاۤ اُنْزِلَ عَلَیْنَا وَ مَاۤ اُنْزِلَ عَلٰۤى اِبْرٰهِیْمَ وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَ وَ الْاَسْبَاطِ وَ مَاۤ اُوْتِیَ مُوْسٰى وَ عِیْسٰى وَ النَّبِیُّوْنَ مِنْ رَّبِّهِمْ١۪ لَا نُفَرِّقُ بَیْنَ اَحَدٍ مِّنْهُمْ١٘ وَ نَحْنُ لَهٗ مُسْلِمُوْنَ
قُلْ : کہہ دیں اٰمَنَّا : ہم ایمان لائے بِاللّٰهِ : اللہ پر وَمَآ : اور جو اُنْزِلَ : نازل کیا گیا عَلَيْنَا : ہم پر وَمَآ : اور جو اُنْزِلَ : نازل کیا گیا عَلٰٓى : ہم پر اِبْرٰهِيْمَ : ابراہیم وَاِسْمٰعِيْلَ : اور اسمعیل وَاِسْحٰقَ : اور اسحق وَيَعْقُوْبَ : اور یعقوب وَالْاَسْبَاطِ : اور اولاد وَ : اور مَآ اُوْتِيَ : جو دیا گیا مُوْسٰى : موسیٰ وَعِيْسٰى : اور عیسیٰ وَالنَّبِيُّوْنَ : اور نبی (جمع) مِنْ : سے رَّبِّهِمْ : ان کا رب لَا نُفَرِّقُ : فرق نہیں کرتے بَيْنَ : درمیان اَحَدٍ : کوئی ایک مِّنْھُمْ : ان سے وَنَحْنُ : اور ہم لَهٗ : اسی کے مُسْلِمُوْنَ : فرماں بردار
کہو کوئی مانے یا نہ مانے ہم تو بہر حال ایمان لائے اللہ پر اور اس (وحی و کتاب) پر جو اتاری گئی ہم پر، اور اس پر بھی جو اتاری گئی ابراہیم، اسماعیل، اسحاق، یعقوب، اور ان کی اولاد پر، اور اس سب پر بھی جو کچھ کہ دیا گیا موسیٰ ، عیسیٰ اور دوسرے نبیوں کو، ان کے رب کی جانب سے، ہم ان میں سے کسی ایک کی بھی تفریق نہیں کرتے، ہم خالص اسی کے فرمانبردار ہیں،
176 تفریق بین الرسل جائز نہیں : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ حضرات انبیائے کرام کے درمیان تفریق جائز نہیں : یعنی ہم ایسا نہیں کرتے کہ کسی پر ایمان لائیں اور کسی پر نہ لائیں، بلکہ ہم سب کو مانتے، اور سب پر ایمان رکھتے ہیں، کہ یہ سب ایک ہی دین حق یعنی اسلام کے ماننے والے اور ایک ہی معبود برحق کی اطاعت اور عبادت و بندگی کا درس دینے والے، اور ایک ہی دعوت کے علمبردار تھے۔ پس ان کے درمیان درجات و مراتب کا فرق اگرچہ موجود تھا، اس لیے ان کے تو ہم قائل ہیں لیکن ان کے درمیان تفریق کرنا کہ کسی کو مانا جائے اور کسی کو نہ مانا جائے، تو یہ جائز نہیں ہے۔ اور نہ ہی ہم اس کے روادار ہیں، بلکہ ہم بلا تفریق و استشناء سب ہی پر ایمان رکھتے ہیں ۔ علیھم الصلوۃ والسلام ۔ اپنے اپنے دور میں ان میں سے ہر ایک کی اتباع اور پیروی ضروری تھی اور اب راہ نجات صرف ان کے امام اور ان سب کے افضل حضرت محمد ﷺ کی اتباع اور پیروی میں ہے۔ جن کی شریعت تمام شرائع سابقہ کیلئے ناسخ ہے اور قیامت تک باقی رہنے والی ہے۔
Top