Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 9
وَعَدَ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ١ۙ لَهُمْ مَّغْفِرَةٌ وَّ اَجْرٌ عَظِیْمٌ
وَعَدَ : وعدہ کیا اللّٰهُ : اللہ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا : جو لوگ ایمان لائے وَعَمِلُوا : اور انہوں نے عمل کیے الصّٰلِحٰتِ : اچھے لَهُمْ : ان کے لیے مَّغْفِرَةٌ : بخشش وَّاَجْرٌ : اور اجر عَظِيْمٌ : بڑا
وعدہ فرما دیا اللہ نے ان لوگوں سے جو (صدق دل سے) ایمان لائے، اور انہوں نے کام بھی نیک کئے، کہ ان کے لئے عظیم الشان بخشش بھی ہے، اور بہت بڑا اجر بھی،
35 ایمان والوں کیلئے بہت بڑے اجر کا وعدہ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرما رکھا ہے ان لوگوں سے جو ایمان لائے اور انہوں نے کام بھی نیک کیے کہ ان کے لیے عظیم الشان بخشش بھی ہے اور بہت بڑا اجر بھی اور وہ اجر اتنا بڑا اور اس قدر عظیم الشان ہوگا کہ اس کی عظمتوں کا تصور کرنا بھی کسی کے بس میں نہیں ۔ جعلنا اللہ من اہلہ بمحض منہ وکرمہ وہو ارحم الراحمین سبحانہ وتعالیٰ ۔ سو ایمان صادق اور عمل صالح کی برکت سے ان کے گناہوں کی بخشش بھی فرما دی جائے گی اور ان کو اجر عظیم سے بھی نوازا جائے گا جو جنت کی بےمثال اور سدابہار نعمتوں کی شکل میں ان کو نصیب ہوگا ۔ اَللّٰہُمَّ شَرِّفْنَا بِہَا بِمَحْضِ مَنِّکَ وَکَرَمِکَ یَآ اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ ۔ سو ایمان و یقین کی دولت اور عمل صالح کا سرمایہ دارین کی سعادت و سرخروئی کا ذریعہ و وسیلہ ہے ۔ اللہ نصیب فرمائے ۔ آمین۔ بہرکیف ارشاد فرمایا گیا کہ جو لوگ صدق دل سے ایمان لائیں گے اور اس کے مطابق وہ نیک عمل بھی کریں گے ان کے لئے بڑی بخشش کا بھی وعدہ ہے اور عظیم الشان اجرو ثواب کا بھی ۔ وبِاللّٰہِ التوفیق لما یُحِبُّ ویُرِیْدُ وعلی مَا یُحِبُّ ویرید -
Top