Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 52
وَ لَقَدْ جِئْنٰهُمْ بِكِتٰبٍ فَصَّلْنٰهُ عَلٰى عِلْمٍ هُدًى وَّ رَحْمَةً لِّقَوْمٍ یُّؤْمِنُوْنَ
وَ : اور لَقَدْ جِئْنٰهُمْ : البتہ ہم لائے ان کے پاس بِكِتٰبٍ : ایک کتاب فَصَّلْنٰهُ : ہم نے اسے تفصیل سے بیان کیا عَلٰي : پر عِلْمٍ : علم هُدًى : ہدایت وَّرَحْمَةً : اور رحمت لِّقَوْمٍ : لوگوں کے لیے يُّؤْمِنُوْنَ : جو ایمان لائے ہیں
اور بلاشبہ ہم ان کے پاس لے آئے ہیں ایک ایسی عظیم الشان کتاب، جس کی تفصیل ہم نے خود کی ہے علم کی بنیاد پر، عین ہدایت اور رحمت بنا کر، ان لوگوں کے لئے جو ایمان رکھتے ہیں
70 قرآن حکیم کا ہر حکم و ارشاد علم و حکمت پر مبنی ہے : سو ارشاد فرمایا گیا کہ اس کتاب عظیم کی تفصیل ہم نے خود کی اور کمال علم کی بنا پر کی۔ اس لئے اس کتاب حکیم کا ہر ارشاد علم و حکمت پر مبنی اور عین حق اور صواب ہے۔ اور یہ صرف اور صرف اس کتاب الٰہی ہی کی شان ہے جو ازل سے ابد تک اور انسان کی پیدائش سے لے کر اس کی وفات تک زندگی کے تمام دوائر اور احوال و ظروف سے بحث کرتی اور راہنمائی فرماتی ہے۔ اور ٹھوس علم کی بنیاد پر کرتی ہے، جبکہ باقی ہر جگہ اوہام و ظنون کا دور دورہ ہے ۔ فَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ ، اَلَّذِیْ شَرَّفَنَا بِہٰذَا الْکِتَابِ الْمُبَارَکِ الْمَجِیْدِ ۔ بہرکیف ارشاد فرمایا گیا کہ ہم نے اپنی اس عظیم الشان کتاب میں اپنے علم قطعی اور کامل کی بناء پر ان تمام امور کی تفصیل خود کردی، جن سے آگاہ ہونا دنیا و آخرت کی سعادت وفائز المرامی سے سرفراز ہونے کے لئے انسان کے لئے ضروری ہے۔ اور " عِلْمٍ " کی تنکیر تفحیم شان کے لئے ہے۔ سو اس کتاب حکیم کی تفصیل خداوند قدوس کے عظیم و وسیع اور محیط کل علم پر مبنی ہے۔ اس لئے اس کی ہر بات قطعی، محکم اور اٹل ہے اور اس میں کسی غلطی و قصور کا کوئی احتمال و امکان نہیں ۔ والحمد للہ رب العالمین ۔ اور یہ کتاب عین ہدایت اور سراسر رحمت ہے ان لوگوں کے لیے جو ایمان رکھتے ہوں اور جو ایمان لانا چاہتے ہیں ۔ وباللہ التوفیق لما یحب ویرید وعلی ما یحب ویرید -
Top