Tafseer-e-Majidi - Al-Hijr : 85
وَ مَا خَلَقْنَا السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ وَ مَا بَیْنَهُمَاۤ اِلَّا بِالْحَقِّ١ؕ وَ اِنَّ السَّاعَةَ لَاٰتِیَةٌ فَاصْفَحِ الصَّفْحَ الْجَمِیْلَ
وَمَا : اور نہیں خَلَقْنَا : پیدا کیا ہم نے السَّمٰوٰتِ : آسمان (جمع) وَالْاَرْضَ : اور زمین وَمَا : اور جو بَيْنَهُمَآ : ان کے درمیان اِلَّا : مگر بِالْحَقِّ : حق کے ساتھ وَاِنَّ : اور بیشک السَّاعَةَ : قیامت لَاٰتِيَةٌ : ضرور آنیوالی فَاصْفَحِ : پس درگزر کرو الصَّفْحَ : درگزر کرنا الْجَمِيْلَ : اچھا
اور ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان کے درمیان ہے بےمقصد نہیں پیدا کردیا ہے اور قیامت ضرور آنے والی ہے، پس آپ خوبی کے ساتھ درگزر کیجیے،73۔
73۔ (ان کی شرارتوں سے۔ اور ان کا فیصلہ ہمارے اوپر حشر میں چھوڑے رہیے) اب خطاب درمیان میں پھر براہ راست رسول اللہ ﷺ سے شروع ہوگیا ہے (آیت) ” وما خلقنا۔۔ بالحق “۔ ارشاد یہ ہورہا ہے کہ یہ عقلوں کو دنگ کردینے والا اور دماغوں کو چکر میں لے آنے والا عظیم الشان نظام کائنات، آسمان و زمین، سورج اور چاند، یوں ہی بےمقصد اور خود بخود نہیں، یہ سب ایک حکیمانہ نظم کے ماتحت ایک متعین مقصود کی طرف لے جانے والا ہے۔ اور وہ منزل آخرت کی ہے جب سب کا حساب کتاب، امتحان یقینی ہے۔ (آیت) ” ان الساعۃ لاتیۃ “۔ یعنی ان سب کے آخری فیصلہ کا دن آرہا ہے، آپ ان کے عناد ومخالفت سے زیادہ غم میں نہ پڑیئے۔ (آیت) ” الصفح الجمیل “۔ صفح (درگزر) یہ کہ غم وتردد میں نہ پڑا جائے۔ اور اس کی خوبی (الصفح الجمیل) یہ کہ شکوہ وشکایت بھی نہ کیا جائے۔
Top