Tafseer-e-Mazhari - Az-Zukhruf : 23
وَ كَذٰلِكَ مَاۤ اَرْسَلْنَا مِنْ قَبْلِكَ فِیْ قَرْیَةٍ مِّنْ نَّذِیْرٍ اِلَّا قَالَ مُتْرَفُوْهَاۤ١ۙ اِنَّا وَجَدْنَاۤ اٰبَآءَنَا عَلٰۤى اُمَّةٍ وَّ اِنَّا عَلٰۤى اٰثٰرِهِمْ مُّقْتَدُوْنَ
وَكَذٰلِكَ : اور اسی طرح مَآ : نہیں اَرْسَلْنَا : بھیجا ہم نے مِنْ قَبْلِكَ : آپ سے قبل فِيْ قَرْيَةٍ : کسی بستی میں مِّنْ نَّذِيْرٍ : کوئی ڈرانے والا اِلَّا : مگر قَالَ : کہا مُتْرَفُوْهَآ : اس کے خوش حال لوگوں نے ۙاِنَّا وَجَدْنَآ : بیشک ہم نے پایا ہم نے اٰبَآءَنَا : اپنے آباؤ اجداد کو عَلٰٓي اُمَّةٍ : ایک طریقے پر وَّاِنَّا عَلٰٓي : اور بیشک ہم، پر اٰثٰرِهِمْ : ان کے نقش قدم (پر) مُّقْتَدُوْنَ : پیروی کرنے والے ہیں
اور اسی طرح ہم نے تم سے پہلے کسی بستی میں کوئی ہدایت کرنے والا نہیں بھیجا مگر وہاں کے خوشحال لوگوں نے کہا کہ ہم نے اپنے باپ دادا کو ایک راہ پر پایا اور ہم قدم بقدم ان ہی کے پیچھے چلتے ہیں
وکذلک ما ارسلنا قبلک فی قریۃ من نذیر الا قال مترفوھا انا وجدنا ابائنا علی امۃ وانا علی اثرھم مقتدون اور اسی طرح ہم نے آپ سے پہلے جس بستی میں کوئی پیغمبر بھیجا ‘ وہاں کے عیش پرست لوگوں نے یہی کہا کہ ہم نے اپنے باپ دادوں کو ایک طریقہ پر پایا ہے اور ہم بھی ان کے پیچھے چلے جا رہے ہیں۔ مُتْرَفُوْھَا یعنی مالدار ‘ عیش پسند لوگ۔ اس میں رسول اللہ ﷺ کیلئے پیام تسکین ہے کہ ان لوگوں کی گمراہی موروثی چلی آتی ہے۔ ان کے اسلاف کو بھی اپنے مذہب کا کوئی عقلی و نقلی علم نہ تھا ‘ وہ بھی یہی کہتے تھے جو یہ لوگ کہتے ہیں۔ مُتْرَفُوْھَاکا لفظ اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ عیش پرستی اور تنعم ‘ باطل پرستی کی بنیاد ہے ‘ بجائے صحیح نظر و فکر کے اسلاف کی تقلید اور حق سے روگرداں ہونے کا یہی قوی سبب ہے۔
Top