Ruh-ul-Quran - An-Nahl : 49
وَ لِلّٰهِ یَسْجُدُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ مِنْ دَآبَّةٍ وَّ الْمَلٰٓئِكَةُ وَ هُمْ لَا یَسْتَكْبِرُوْنَ
وَلِلّٰهِ : اور اللہ کے لیے يَسْجُدُ : سجدہ کرتا ہے مَا : جو فِي : میں السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَمَا : اور جو فِي الْاَرْضِ : زمین میں مِنْ : سے دَآبَّةٍ : جاندار وَّالْمَلٰٓئِكَةُ : اور فرشتے وَهُمْ : اور وہ لَا يَسْتَكْبِرُوْنَ : تکبر نہیں کرتے
اور اللہ ہی کو سجدہ کرتے ہیں جتنے آسمانوں اور زمین میں جاندار ہیں اور فرشتے بھی۔ وہ سرتابی نہیں کرتے۔
وَلِلّٰہِ یَسْجُدُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ مِنْ دَآبَّۃٍ وَّالْمَلٰٓئِکَۃُ وَھُمْ لاَ یَسْتَکْبِرُوْنَ ۔ یَخَافُوْنَ رَبَّھُمْ مِّنْ فَوْقِھِمْ وَیَفْعَلُوْنَ مَایُؤْمَرُوْن۔ (سورۃ النحل : 49۔ 50) (اور اللہ تعالیٰ ہی کو سجدہ کرتے ہیں جتنے آسمانوں اور زمین میں جاندار ہیں اور فرشتے بھی۔ وہ سرتابی نہیں کرتے۔ وہ اپنے اوپر اپنے رب سے ڈرتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جس کا ان کو حکم ملتا ہے۔ ) توحید پر مزید زور دیتے ہوئے فرمایا کہ آسمانوں اور زمین میں جتنے بھی جاندار ہیں سب اللہ تعالیٰ ہی کو سجدہ کرتے ہیں حتیٰ کہ فرشتے بھی جن کو مشرکینِ عرب نے اللہ تعالیٰ کی بیٹیاں بنا رکھا تھا اور انھیں اللہ تعالیٰ کے اختیارات میں شریک سمجھتے تھے اور یہ یقین رکھتے تھے کہ اگر اللہ تعالیٰ کسی کو سزا دینا چاہے اور بیٹیاں اڑ جائیں تو وہ اپنے باپ کو مجبور کردیں گی۔ اس طرح لوگ سزا سے بچ جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کا ابطال کرتے ہوئے فرمایا کہ زمین و آسمان میں کوئی مخلوق بھی ایسی نہیں جو اللہ تعالیٰ کے احکام سے سرتابی کرسکے۔ فرشتے تو ہمہ وقت ہاتھ باندھے احکام کے انتظار میں کھڑے رہتے ہیں، جو حکم ملتا ہے بجا آوری کے لیے دوڑ پڑتے ہیں۔ وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے کہ اللہ تعالیٰ کے حکم یا اس کے منشا کی مخالفت کی جاسکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے سرتابی تو دور کی بات ہے، فرشتے اور دوسری مخلوقات تو ہر دم لرزاں و ترساں رہتی ہیں کہ کوئی بات منشائِ ایزدی کیخلاف ان سے سرزد نہ ہوجائے۔ اس لیے وہ صرف ایک ہی بات کے پابند ہیں کہ ہر وہ کام کریں جس کا ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے حکم دیا جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کی یہ شان نہیں کہ اس کی غیرمشروط اطاعت کی جائے اور اس کے سامنے سجدہ کیا جائے کیونکہ یہ حقوق صرف اس کے ہیں جو کائنات کا خالق ہے اور اس کے ہیں جو تمام مخلوقات کا اِلٰہ ہے۔ اگر کوئی اپنے طور پر اس کا دعویٰ کرتا ہے تو وہ دعویٰ آذری ہے۔ سروری زیبا فقط اس ذات بےہمتا کو ہے حکمراں ہے اک وہی باقی بتان آذری
Top