Urwatul-Wusqaa - Al-Muminoon : 79
وَ هُوَ الَّذِیْ ذَرَاَكُمْ فِی الْاَرْضِ وَ اِلَیْهِ تُحْشَرُوْنَ
وَهُوَ : اور وہ الَّذِيْ : وہی جس نے ذَرَاَكُمْ : پھیلایا تمہیں فِي الْاَرْضِ : زمین میں وَاِلَيْهِ : اور اس کی طرف تُحْشَرُوْنَ : تم جمع ہو کر جاؤ گے
اور وہی ہے جس نے تمہیں زمین کی سطح پر ہر طرف پھیلا دیا ہے اور پھر وہی ہے جس کے حضور اکٹھا کر کے لائے جاؤ گے
اللہ تعالیٰ ہی پیدا کرنے والا ہے اور اس کی طرف ہم کو لوٹ کر جانا ہے : 79۔ خود بخود ہی پیدا ہونے اور خود بخود ہی مرجانے والوں کو بتایا جا رہا ہے کہ تم کو یہ کیسی بھول لگی ہے اور تمہارا یہ مغالطہ کب نکلے گا اور کیونکر نکلے گا ؟ غور کرو ایک کسان اٹھتا ہے اور کھیت میں بیج پھیلا دیتا ہے ‘ کیوں ؟ اس لئے کہ اس طرح بونے کے بعد ایک دن وہ اس کو اکٹھا بھی کرے گا ، بلاشبہ تم کو پھیلانے والا بھی ہے اور جو پھیلانے والا ہے وہی تم کو اکٹھا بھی کرے گا ، آج مان لو گے تو آج کا مانا ہوا تمہارے کام آئے گا ورنہ تمہارے ماننے نہ ماننے سے پھیلانے والے کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ‘ آج تم قیامت سے انکاری ہو اور کل تم اس کو اپنی آنکھوں سے دیکھو گے بالکل اسی طرح جس طرح آج تم نے ایک بھائی بہن کو کندھا دے کر قبر تک پہنچایا اور اس دنیا سے رخصت کردیا ایک دن تم کو بھی رخصت ہونا ہے اور پھر جس پیدا کرنے والے نے تم کو پہلی بار پیدا کیا ہے وہی تم کو دوسری بار پیدا کر دے گا ۔ غور کرو کہ یہ پہلی بار تم اپنی مرضی سے پیدا ہوگئے تھے ؟ اگر نہیں اور یقینا نہیں تو تمہارا دوسری بار پیدا کرنا پہلی بار پیدا کرنے والے رب کریم کے لئے مشکل نہیں ہے ۔ ہاں ! اس زندگی کے کئے ہوئے کاموں کا نتیجہ تم کو دوسری زندگی میں ملے گا جو اسی طرح یقینی ہے جس طرح تمہاری یہ زندگی جس میں تم آج زندہ ہو ۔ (آیت) ” ذرا یذرئ) اس نے پیدا کیا ‘ اس نے پھیلا ‘ اس نے بکھیرا ، زمین سے پیدا کرنے پر بھی بولا گیا ہے اور توالدوتناسل سے پیدا کرنے پر بھی کیونکہ دونوں طرح کی اصل پیدائش کا باعث وہی ہے اور پھر اسی کی طرف تم لوٹائے جاؤ گے گویا یہ کہا جا رہا ہے کہ پہلے تم پراگندہ اور جدا جدا ہو گے پھر جمع کئے جاؤگے ، پراگندہ اور جدا جدا ہونے کو تم آنکھوں سے دیکھ رہے ہو اور جمع ہونے کو بھی انشاء اللہ یقینا دیکھ لو گے ۔
Top