Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 96
قَالُوْا وَ هُمْ فِیْهَا یَخْتَصِمُوْنَۙ
قَالُوْا : وہ کہیں گے وَهُمْ : اور وہ فِيْهَا : اس (جہنم) میں يَخْتَصِمُوْنَ : جھگڑتے ہوں گے
اور جب وہ وہاں باہم جھگڑنے لگیں گے ، کہیں گے
دوزخ میں داخلے کے بعد وہ آپس میں جھگڑنے لگیں گے : 96۔ فرمایا یہ لوگ مختلف گروپوں میں تقسیم ہونے کے بعد جب دوزخ میں اکٹھے کئے جائیں گے تو آپس میں ایک دوسرے کو دیکھ کر جھگڑنے لگیں گے ان کا جھگڑنا ایک دوسرے کو الزام دینا ہوگا کہ ہماری گمراہی کا سبب تو دراصل تم لوگ بنے تھے اور تم ہی نے ہم کو اس گمراہی پر لگایا تھا اور تم ہی نے ہم کو باور کرایا تھا کہ ہمارا پلو پکڑ کر تم بچ سکتے ہو اور آج نہ تم بچے اور نہ ہم کو بچنے دیا گویا تم خود بھی گمراہ تھے اور ہم کو بھی تم نے گمراہ کیا اس طرح وہ بھی اس الزام سے نکلنے کی پوری کوشش کریں گے حالانکہ ان کا جھگڑنا بالکل بےسود ہوگا اور دونوں ہی قسم کے لوگوں کے ساتھ اس جھگڑنے کے باعث کچھ رعایت نہ ہوگی ، اس طرح کے مذہبی پیشواؤں اور سیاسی لیڈروں اور راہنماؤں کے ساتھ ان کو مریدین ‘ جیالے اور کارکن جو جھگڑے کریں گے ان کو ذکر پیچھے سورة الانعام کی آیت 22 ‘ 81 ‘ 136 ‘ 137 ‘ 148 ‘ سورة الاعراف کی آیت 195 ‘ سورة النحل کی آیت 86 ‘ 87 میں تفصیل کے ساتھ گزر چکا ہے وہاں سے ملاحظہ کریں اور دوسری اقسام کے جھگڑوں کا ذکر سورة ص کی آیت 64 ‘ 69 ‘ سورة یسن کی آیت 49 ‘ سورة الزمر کی آیت 31 ‘ سورة ق کی آیت 28 ‘ میں کیا گیا ہے اور ان سب جگہ پر ان کا ذکر کیا گیا ہے وہیں سے دیکھ لیں ۔
Top