Urwatul-Wusqaa - Al-Ghaashiya : 9
لِّسَعْیِهَا رَاضِیَةٌۙ
لِّسَعْيِهَا : اپنی کوشش سے رَاضِيَةٌ : خوش خوش
اپنے اعمال سے وہ خوش ہوں گے
اپنے اعمال سے وہ خوش ہوں گے 9 ؎ یہ بات ان خوش نصیبوں ہی کی کی جا رہی ہے کہ جن کے چہرے ترو تازہ ہوں گے۔ فرمایا یہ تازگی ان میں اس لیے ہوگی کہ ان کی سعی و کوشش جو انہوں نے دنیوی زندگی میں کی تھی وہ مقبول ہوگی اور آج ان کو ان کو پھل مل گیا اور یہ امر بھی اپنی جگہ محقق ہے کہ نتیجہ اگر کامیابی کا ہو اور خصوصاً ہو بھی حسب منشا تو محنت کی تکان تو نتیجہ سنتے ہی دور ہوجاتی ہے اور ان کی مسرت اور خوشی کی پھر کوئی حد ہی نہیں رہتی اور ہر طرف سے مبارکبادیاں کی جاتی ہیں اور جب ان کی زبان سے اللہ تعالیٰ کی حمد و شکر کے الفاظ نکلتے ہیں تو وہ بہت پیارے اور بھلے معلوم ہوتے ہیں اور اب ان کو کسی اچھی پوسٹ کی امید ہوتی ہے جو ان کی خوشی میں مزید اضافے کا باعث ہوتی ہے۔ اس طرح یہ لوگ بھی جب کامیاب قرار پائے تو اب ماشاء اللہ جنت میں اچھا مقام حاصل کریں گے اور جنت کے فرشتے اور ان سے پہلے داخل ہونے والے ان کو مبارکبادیاں بھی پیش کریں گے۔ چناچہ ان کے جنت جانے کا ذکر آگے آ رہا ہے۔
Top