Tafseer-e-Mazhari - Al-Hajj : 3
وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ یُّجَادِلُ فِی اللّٰهِ بِغَیْرِ عِلْمٍ وَّ یَتَّبِعُ كُلَّ شَیْطٰنٍ مَّرِیْدٍۙ
وَ : اور مِنَ النَّاسِ : کچھ لوگ جو مَنْ : جو يُّجَادِلُ : جھگڑا کرتے ہیں فِي اللّٰهِ : اللہ (کے بارے) میں بِغَيْرِ عِلْمٍ : بےجانے بوجھے وَّيَتَّبِعُ : اور پیروی کرتے ہیں كُلَّ شَيْطٰنٍ : ہر شیطان مَّرِيْدٍ : سرکش
اور بعض لوگ ایسے ہیں جو خدا (کی شان) میں علم (ودانش) کے بغیر جھگڑتے اور ہر شیطان سرکش کی پیروی کرتے ہیں
ومن الناس من یجادل فی اللہ بغیر علم کچھ لوگ ایسے ہیں جو اللہ (کی ذات صفات اور احکام) میں بغیر علم کے جھگڑا کرتے ہیں۔ یہ آیت نضر بن حارث کے متعلق نازل ہوئی نضر بڑا جھگڑالو تھا کہتا تھا ملائکہ خدا کی بیٹیاں ہیں قرآن گزشتہ لوگوں کی لکھی ہوئی (داستان) ہے یہ شخص حشر جسمانی کا منکر تھا اور کہتا تھا جو چیز خاک ہوگئی اس کو زندہ کرنا ناممکن ہے۔ رواہ ابن ابی حاتم عن ابی مالک۔ ویتبع کل شیطن مرید۔ اور (جھگڑا کرنے میں یا عام احوال زندگی میں) ہر شیطان شریر کی پیروی کرتا ہے۔ شیطان کا لفظ انسان اور جن دونوں کو شامل ہے۔ مَرید خیر سے خالی شر میں ڈوبا ہوا۔ مَزْدٌ کا معنی ہے خالی ہونا۔ امرد بےداڑھی مونچھ کا لڑکا جو چہرے کے بالوں سے خالی ہوتا ہے۔ مَرید اور مارد دونوں ہم معنی ہیں۔ قاموس میں ہے مرد (باب نصر و کرم) مرودا (مصدر) مرید مارد متمرد (صفات کے صیغے) اقدام کیا یا سرکش ہوگیا۔ مردہ اس کو کاٹ دیا۔ مَرَدَ علی الشئی اس چیز کا مشتاق ہوگیا۔
Top