Tafseer-e-Mazhari - Yaseen : 56
هُمْ وَ اَزْوَاجُهُمْ فِیْ ظِلٰلٍ عَلَى الْاَرَآئِكِ مُتَّكِئُوْنَ
هُمْ : وہ وَاَزْوَاجُهُمْ : اور ان کی بیویاں فِيْ ظِلٰلٍ : سایوں میں عَلَي : پر الْاَرَآئِكِ : تختوں پر مُتَّكِئُوْنَ : تکیہ لگائے ہوئے
وہ بھی اور ان کی بیویاں بھی سایوں میں تختوں پر تکیے لگائے بیٹھے ہوں گے
ھم وازواجھم ظلل علی الا رآئک متکؤن . وہ اور ان کی بیویاں سایوں میں مسہریوں پر تکیے لگائے بیٹھے ہوں گے۔ ظِلٰلٍ ظل کی جمع ہے ‘ جہاں دھوپ نہ پڑے اس کو ظل کہتے ہیں (یعنی سایہ) یا ظُلَّۃٌ کی جمع ہے۔ ظلہ (سائبان) دھوپ سے بچانے والی چیزکو کہتے ہیں جیسے ڈیرہ ‘ خیمہ۔ اَرَآءِکَ اریکہ کی جمع ہے ‘ پردے دار مسہریاں۔ بغوی نے ثعلب کا قول بیان کیا ہے کہ اریکہ بغیر پردہ کی مسہری کو نہیں کہتے۔ بیہقی نے حضرت ابن عباس کا قول نقل کیا ہے کہ سریر (تخت ‘ مسہری) جب تک پردہ کے اندر نہ ہو اس وقت تک لفظ اریکہ اس کیلئے نہیں بولا جاتا۔ بغیر پردہ کا سریر اریکہ نہیں ہوتا اور اگر صرف پردہ ہی ہو ‘ اندر سریر نہ ہو اس کو بھی اریکہ نہیں کہا جاتا۔ سریر مع پردہ کے ہو تو اس کو اریکہ کہتے ہیں۔ بیہقی نے مجاہد کا قول نقل کیا ہے کہ وہ مسہریاں موتی اور یاقوت کی ہوں گی۔
Top