Mazhar-ul-Quran - Al-A'raaf : 168
وَ قَطَّعْنٰهُمْ فِی الْاَرْضِ اُمَمًا١ۚ مِنْهُمُ الصّٰلِحُوْنَ وَ مِنْهُمْ دُوْنَ ذٰلِكَ١٘ وَ بَلَوْنٰهُمْ بِالْحَسَنٰتِ وَ السَّیِّاٰتِ لَعَلَّهُمْ یَرْجِعُوْنَ
وَقَطَّعْنٰهُمْ : اور پراگندہ کردیا ہم نے انہیں فِي الْاَرْضِ : زمین میں اُمَمًا : گروہ در گروہ مِنْهُمُ : ان سے الصّٰلِحُوْنَ : نیکو کار وَمِنْهُمْ : اور ان سے دُوْنَ : سوا ذٰلِكَ : اس وَبَلَوْنٰهُمْ : اور آزمایا ہم نے انہیں بِالْحَسَنٰتِ : اچھائیوں میں وَالسَّيِّاٰتِ : اور برائیوں میں لَعَلَّهُمْ : تاکہ وہ يَرْجِعُوْنَ : رجوع کریں
اور ہم نے زمین میں بنی اسرائیل کے متفرق گروہ گروہ کردئیے ان میں بعض اچھے ہیں اور بعض اور طرح کے ہیں (یعنی بدکار) اور ہم نے ان کو نعمتوں سے اور مشقتوں سے آزمایا تاکہ پلٹیں سیدھی راہ کی طرف
یہود کی سلطنت جب تباہ ہوئی تو آپس میں پھوٹ پڑگئی کہ مختلف شہروں میں جا بسے اور مختلف مذہب اختیار کرلیے۔ اسی بات کا ذکر اللہ تعالیٰ نے ان آیتوں میں فرمایا ہے کہ ہم نے یہود کو متفرق گروہ بنا دیا اور ایک دوسرے سے جدا کردیا۔ سلطنت ان کے ہاتھ ساے نکل گئی یہ لوگ ہر سرزمین میں پریشان ہوگئے۔ پھر فرمایا کہ بعض ان میں صالح اور نیک بخت ہیں کہ آنحضرت ﷺ سے پہلے اپنے دین پر قائم رہے کوئی تبدیلی اور تحریف کتاب آسمانی میں انہوں نے نہیں کی اور مرتے دم تک خدا تعالیٰ کے احکام پر عمل کرتے رہے اور آنحضرت ﷺ پر ایمان لائے۔ اور بعضے یہود ایسے بدکردار تھے جنہوں نے احکام الہی کو بدل ڈالا اور اپنے دین سے پھرگئے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو ہر طرح سے جانچا کبھی تندرستی اور فارغ البالی دی، کبھی تکلیف و نج ان پر نازل کیا، کبھی عذاب بھیج کر آزمایا کہ شاید اپنے فعل پر نادم ہوکر حق کی طرف رجوع کریں، لیکن کبھی کچھ نہ ہوا۔ اور جو اولاد ہوئی وہ بھی ایسی نا خلف ہوئی کہ توراۃ کے وارث بن کر دنیا کی طمع کرنے لگے۔ رشوت لینے لے پھر یہ امید رکھی کہ اللہ معاف کرے گا اسی کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ کیا ان سے توراۃ میں یہ عہد نہیں لیا گیا تھا کہ حق کے سوا اور کچھ نہ کہنا، حق کو کبھی نہ چھپانا۔ پھر اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے یہ فرمایا کہ آخرت تو اسی کے حصہ میں ہے جو خدا سے ڈرتا ہو اور وہاں جو کچھ بہتری ہونے والی ہے انہیں متقیوں کو ہوگی یہ لوگ تو سمجھ کے اندھے کچھ بھی عقل سے کام نہیں لیتے ہیں۔ پھر اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کی تعریف فرمائی جو کتاب کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے ہیں کہ اس کے ہر ایک امر و نہی کو بجا لاتے ہیں، نماز بھی پڑھتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے حق میں فرمایا کہ ہم صلاحیت اور نیکی پر قائم رہنے والوں کا بدلہ اور اجر ضائع نہیں کرتے
Top