Kashf-ur-Rahman - An-Nahl : 69
ثُمَّ كُلِیْ مِنْ كُلِّ الثَّمَرٰتِ فَاسْلُكِیْ سُبُلَ رَبِّكِ ذُلُلًا١ؕ یَخْرُجُ مِنْۢ بُطُوْنِهَا شَرَابٌ مُّخْتَلِفٌ اَلْوَانُهٗ فِیْهِ شِفَآءٌ لِّلنَّاسِ١ؕ اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیَةً لِّقَوْمٍ یَّتَفَكَّرُوْنَ
ثُمَّ : پھر كُلِيْ : کھا مِنْ : سے۔ کے كُلِّ الثَّمَرٰتِ : ہر قسم کے پھل فَاسْلُكِيْ : پھر چل سُبُلَ : راستے رَبِّكِ : اپنا رب ذُلُلًا : نرم و ہموار يَخْرُجُ : نکلتی ہے مِنْ : سے بُطُوْنِهَا : ان کے پیٹ (جمع) شَرَابٌ : پینے کی ایک چیز مُّخْتَلِفٌ : مختلف اَلْوَانُهٗ : اس کے رنگ فِيْهِ : اس میں شِفَآءٌ : شفا لِّلنَّاسِ : لوگوں کے لیے اِنَّ : بیشک فِيْ : میں ذٰلِكَ : اس لَاٰيَةً : نشانی لِّقَوْمٍ : لوگوں کے لیے يَّتَفَكَّرُوْنَ : سوچتے ہیں
پھر ہر قسم کی پھلوں سے غذا حاصل کر اور واپس آنے کے لئے اپنے رب کے آسان اور سہل راستوں پر ہولے ان کھیوں کے پیٹ میں سے پینے کی چیز نکلتی ہے جس کے رنگ مختلف ہوتے ہیں اس شہد میں لوگوں کے لئے شفا ہے ، بلا شبہ اس چیز میں ان لوگوں کے لئے بڑی دلیل ہے جو غور و فکر سے کام لیتے ہیں
69 ۔ پھر ہر قسم کا پھلوں کو چوستی اور کھاتی پھر اور ان پھلوں سے جو تیرے لئے پسندیدہ ہوں غذا حاصل کر اور اپنے چھتے کی طرف واپس آنے کے لئے اپنے رب کے راستوں پر مطلع و منقادبن کر چلی آ اور آسان اور سہل راستے اختیار کر ان مکھیوں کے پیٹوں میں سے پینے کی چیز نکلتی ہے یعنی شہد جس کے رنگ مختلف ہوتے ہیں اس سے مرض اچھے ہوتے ہیں اور اس میں لوگوں کے لئے شفا ہے ۔ اس چیز میں بھی اللہ تعالیٰ کی توحید اور اس کے انعامات کی بڑی دلیل ہے جو غور و فکر کرتے ہیں ۔ یعنی مکھیوں کو شہدجمع کرنے کا طریقہ سکھایا اور چھتہ بنایا بتایا جس کا ہر خانہ ایک مسدس اور متساوی الاضلاع ہوتا ہے اور اس میں کوئی فرجہ نہیں ہوتا۔ شہد کے رنگ مختلف ہوتے ہیں اس شہد میں بہت سے لوگوں کی بیماریوں کی دوا ہے مکھی کو پھل اور پھول سے غذا حاصل کرنے کا سامان عطا فرمایا راستے سہل اور آسان کئے دور دور نکل جاتی ہے اور پھر واپس چھتے میں آجاتی ہے چھتہ میں ان کا ایک سردار ہوتا ہے جس کی سب مکھیاں مطیع ہوتی ہیں پہرہ دار مقرر ہوتے ہیں جو ہر آنیوالی مکھی کو جانچتے ہیں اور یہ معلوم کرتے ہیں کہ شہد بنانے کا مادہ کہاں سے حاصل کیا ہے۔ غرض ایک عجیب کا رخانہ ہے جو تحقیق کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ فطرت نے یہ نظام کس طرح قائم کیا ہے۔ جہاں عقل انسانی دنگ رہ جاتی ہے۔ حضرت شاہ صاحب (رح) فرماتے ہیں تین پتے بتائے برے میں سے بھلا نکلنے کے جانور کے پیٹ میں سے دودھ اور انشا کے انگور کھجور سے روزی پاک اور مکھی کے پیٹ سے شہد یعنی اس قرآن سے جاہلوں کی اولاد عالم نکلے گی حضرت ؐ کے وقت یہی ہوا کافروں کی اولاد کامل ہوئی۔ 12
Top