Kashf-ur-Rahman - Al-Qasas : 70
وَ هُوَ اللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ؕ لَهُ الْحَمْدُ فِی الْاُوْلٰى وَ الْاٰخِرَةِ١٘ وَ لَهُ الْحُكْمُ وَ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ
وَهُوَ اللّٰهُ : اور وہی اللہ لَآ اِلٰهَ : نہیں کوئی معبود اِلَّا هُوَ : اس کے سوا لَهُ الْحَمْدُ : اسی کے لیے تمام تعریفیں فِي الْاُوْلٰى : دنیا میں وَالْاٰخِرَةِ : اور آخرت وَلَهُ الْحُكْمُ : اور اسی کے لیے فرمانروائی وَاِلَيْهِ : اور اسی کی طرف تُرْجَعُوْنَ : تم لوٹ کر جاؤگے
، اور وہی اللہ تعالیٰ ہے اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں تمام تعریفیں دنیا اور آخرت میں اسی کے لئے لائق اور سزا وار ہیں اور اسی کی فرمانروائی ہے اور تم سب اسی کی طرف لوٹائے جائو گے
70۔ اور اللہ ہی کامل الصفات ذات ہے اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں تمام تعریفیں اور ہر قسم کی حمد وثناء کے لائق دنیا اور آخرت میں وہی ہے اسی کی فرمانبرداری اور حکومت ہے اور تم سب اسی کی طرف لوٹائے جائو گے۔ یعنی جو خالقیت میں منفرد ، اختیارات میں منفرد، علم میں منفردوہی تو ذات اللہ جل جلالہ ٗ ہے جب وہ ہر صفت کمالیہ میں منفرد ہے تو اس کے سوا کوئی معبود بھی نہیں دنیا اور آخرت دونوں عالموں میں اس کا تصرف ہے اس لئے وہی دونوں عالموں میں ہر قسم کی حمد وثناء کے لائق ہے فرماں روائی کا یہ عالم کہ آخرت میں تو اس کے سوا کسی کی حکومت ہی نہیں دنیا میں اگر مجازا ً کسی کی حکومت نظر آتی ہے تو وہ بھی محض عارضی ۔ اس لئے حقیقی حکمراں وہی ہے اور اس کی سلطنت کی قوت اور وسعت ایسی ہے کہ تم سب اسی کی طرف واپس ہو گے اس کی قوت و وسعت سلطنت سے کہیں بچ کر نہ بھاگ سکتے ہو نہ جاسکتے ہو۔ ولہ الحکم النافذ فی الدنیا والاخرۃ و مصیر الخلق کلھم فی عواقب امورھم الی حکمہ فی الاخرۃ آگے اس کی بےپناہ قدرت کا ذکر ہے۔
Top