Urwatul-Wusqaa - Al-Qasas : 70
وَ هُوَ اللّٰهُ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ؕ لَهُ الْحَمْدُ فِی الْاُوْلٰى وَ الْاٰخِرَةِ١٘ وَ لَهُ الْحُكْمُ وَ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ
وَهُوَ اللّٰهُ : اور وہی اللہ لَآ اِلٰهَ : نہیں کوئی معبود اِلَّا هُوَ : اس کے سوا لَهُ الْحَمْدُ : اسی کے لیے تمام تعریفیں فِي الْاُوْلٰى : دنیا میں وَالْاٰخِرَةِ : اور آخرت وَلَهُ الْحُكْمُ : اور اسی کے لیے فرمانروائی وَاِلَيْهِ : اور اسی کی طرف تُرْجَعُوْنَ : تم لوٹ کر جاؤگے
اور وہی اللہ ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور تمام تعریفیں اس کی ہیں اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی ، اس کے لیے حکم ہے اور اس کی طرف تم سب کو واپس لوٹ کر جانا ہے
اللہ تعالیٰ ہی کے لئے ساری ستائشیں ہیں اور الوہیت اسی کو زیبا ہے : 70۔ اجاز قرآنی پر غور کرو کہ اس کا کیا کمال ہے اور وہ بحث مضمون کو کسی طرح سمیٹ کر رکھ دیتا ہے گزشتہ آیتوں کی ساری بحث کو اس ایک ہی آیت میں جمع کر کے اس کا خلاصہ بیان کردیا کہ ” وہی اللہ ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور تمام اچھی تعریفیں اسی کی ہیں اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی ‘ اسی کیلئے حکم ہے اور اسی کی طرف تم سب کو واپس لوٹ کر جانا ہے “ اس طرح گویا اس ایک ہی آیت میں اللہ تعالیٰ کی توحید ذاتی اور صفاتی کو بیان کرکے ان کے تمام شکوک و شبہات اور سارے اعتراضات کا جواب چند لفظوی میں بیان کردیا ۔ پھر مزید وضاحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ آج تم ایک دوسرے سے ہزاروں بہانے بناسکتے ہو اور اپنی نیت بد کو رنگین پردوں میں چھپا سکتے ہو لیکن کل کیا ہوگا جب اللہ رب العزت کے سامنے تمہارا کوئی پوشیدہ سے پوشیدہ راز بھی مخفی نہیں رہے گا اور اس وقت تمہاری چرب زبانی اور فریب کاری دھری کی دھری رہ جائے گی اور تم کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا بھی ہوگا ۔
Top