Tafseer-e-Madani - An-Nahl : 10
هُوَ الَّذِیْۤ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً لَّكُمْ مِّنْهُ شَرَابٌ وَّ مِنْهُ شَجَرٌ فِیْهِ تُسِیْمُوْنَ
هُوَ : وہی الَّذِيْٓ : جس نے اَنْزَلَ : نازل کیا (برسایا) مِنَ : سے السَّمَآءِ : آسمان مَآءً : پانی لَّكُمْ : تمہارے لیے مِّنْهُ : اس سے شَرَابٌ : پینا وَّمِنْهُ : اور اس سے شَجَرٌ : درخت فِيْهِ : اس میں تُسِيْمُوْنَ : تم چراتے ہو
وہ (اللہ) وہی تو ہے جو (ایک محیر العقول نظام کے ساتھ) آسمان سے تمہارے لئے پانی اتارتا ہے، جس سے تم پیتے بھی ہو، اور اسی سے درخت بھی (پیدا) ہوتے ہیں، جن میں تم (اپنے مویشیوں کو) چراتے بھی ہو،
18۔ نعمت آب رسانی کی تذکیر و یاددہانی : چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ وہ اللہ وہی ہے جس نے آسمان سے تمہارے لئے پانی اتارا جس سے تم لوگ پیتے بھی ہو اور دوسرے طرح طرح کے فائدے بھی حاصل کرتے ہو۔ پس آب رسانی کا یہ محیرالعقول نظام جہان اس کی بےپایاں قدرت اور بےنہایت رحمت وحکمت کا ایک عظیم الشان مظہر ہے وہاں یہ تمہاری اور تمام جانداروں کی زندگی اور اس دنیا کی رونق وچہل پہل کا بنیادی ذریعہ وسبب بھی ہے۔ فسبحانہ من الہ قادر قیوم۔ نیز یہیں سے تم یہ بھی سوچو کہ جس نے تمہاری جسمانی ضروتوں کی تکمیل کا اس طرح انتظام فرمایا ہے کس طرح ممکن ہوسکتا ہے کہ وہ تمہاری روحانی ضرورتوں کی تکمیل کا سامان نہ فرمائے جو کہ ان مادی اور جسمانی ضرورتوں سے کہیں بڑھ کر اہم ہیں ؟ سو اسی ضرورت کی تکمیل کے لیے اس نے انبیائے کرام بھیجے وحی کا سلسلہ جاری فرمایا۔ کتابیں اتاری اور اپنے محمد رسول للہ ﷺ کی بعثت و تشریف آوری کے ذریعے تکمیل فرما دی۔ اور آپ ﷺ خاتم الانبیاء قرار پائے اور آپ ﷺ کی نبوت و رسالت خاتم الرسالات ﷺ قرار پائی۔ سو اس سے یہ بات بھی واضح ہوجاتی ہے کہ آسمانوں اور زمین کی اس پوری کائنات میں ایک ہی خدائے قادر قیوم کی حکمرانی ہے۔ سبحانہ وتعالیٰ ۔
Top