Tafseer-e-Madani - Maryam : 9
قَالَ كَذٰلِكَ١ۚ قَالَ رَبُّكَ هُوَ عَلَیَّ هَیِّنٌ وَّ قَدْ خَلَقْتُكَ مِنْ قَبْلُ وَ لَمْ تَكُ شَیْئًا
قَالَ : اس نے کہا كَذٰلِكَ : اسی طرح قَالَ : فرمایا رَبُّكَ : تیرا رب هُوَ : وہ (یہ) عَلَيَّ : مجھ پر هَيِّنٌ : آسان وَّ : اور قَدْ خَلَقْتُكَ : میں نے تجھے پیدا کیا مِنْ قَبْلُ : اس سے قبل وَ : جبکہ لَمْ تَكُ : تو نہ تھا شَيْئًا : کوئی چیز۔ کچھ بھی
جواب ملا ایسے ہی ہوگا، تمہارے رب نے کہا کہ یہ میرے لیے بڑا آسان ہے آخر میں اس سے پہلے خود تمہیں بھی پیدا کرچکا ہوں، جب کہ تم کچھ بھی نہ تھے،
9 حضرت زکریا کے سوال کا جواب : یعنی جب حضرت زکریا نے اللہ پاک کے حضور اپنے عوارض اور موانع کا ذکر کیا کہ میرے یہاں بچہ کس طرح ہوگا جبکہ میں بڑھاپے کی انتہاء کو پہنچ چکا ہوں اور میری بیوی بھی بانجھ ہیں تو اس پر حق تعالیٰ کی طرف سے آنجناب کو جواب ملا کہ ایسے ہی ہوگا کہ تم دونوں بڑھاپے کی اسی حالت میں ہوؤگے اور تمہیں بغیر کسی تغیر و تبدیلی کے بچے کی نعمت سے نواز دیا جائے گا۔ (روح، کبیر، ابن کثیر وغیرہ) ۔ یعنی تم اپنی شیخوخت اور بڑھاپے کی اسی حالت میں ہوؤ گے اور تمہاری بیوی بھی عقیم اور بانجھ پن کے اسی حال میں ہوگی جس میں وہ اب ہے۔ (المراغی وغیرہ) ۔ اور یہ بات لوگوں کے فکر و فہم اور ان کے علم و ادراک کے اعتبار سے اگرچہ بہت مشکل بلکہ محال عادی کے اعتبار کے درجے میں ہے، لیکن اس قادر مطلق کیلئے یہ کچھ بھی مشکل نہیں۔ جس کی شان ۔ { علی کل شیء قدیر } ۔ کی ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ آخر جب اس نے خود آپ کو پیدا کرلیا جبکہ آپ کچھ بھی نہ تھے تو اس کے لیے آپ کے بچے کو وجود بخشنا کیونکر اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ ۔ سبحانہ وتعالیٰ - 10 حضرت زکریا کے اطمینان کے لیے خود ان کے وجود سے دلیل : سو حضرت زکریا کے اطمینان کے لیے آنجناب سے ارشاد فرمایا گیا " اور میں اس سے پہلے خود تم کو پیدا کرچکا ہوں جبکہ تم کچھ بھی نہ تھے "۔ تو جو نیست سے ہست اور معدوم سے موجود کرسکتا ہے اس کے لئے بوڑھے ماں باپ سے بچہ پیدا کردینا آخر کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ سو جو ذوات اور اعراض وصفات کو عدم محض سے حیطہ وجود میں لاسکتا ہے اس کیلئے تبدیلی صفات کیونکر مشکل ہوسکتی ہے ؟ وہ قادر مطلق جو چاہے اور جیسے چاہے کرے۔ عمر کے کسی خاص حصے میں اولاد کا پیدا ہونا مادے یا طبیعت کا اقتضاء نہیں بلکہ اسی قادر مطلق کی قدرت مطلقہ کا نتیجہ ہے۔ وہ اگر بغیر ماں اور باپ کے پیدا کرسکتا ہے تو بوڑھے ماں باپ سے پیدا کردینا اس کیلئے کیوں اور کیا مشکل ہوسکتا ہے ؟ ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ سو بندہ جب اپنے آپ کو اس آس وامید پر اپنے رب کے دروازے پر ڈال دیتا ہے کہ میرے لیے بہرحال یہی دروازہ ہے۔ مجھے جو کچھ ملا ہے یہیں سے ملا ہے اور جو کچھ ملے گا وہ بھی یہیں سے ملے گا تو اس کے لیے خدائے رحمان کی رحمت کی گھٹا بالآخر وہاں سے نمودار ہوتی ہے جہاں سے اس کو وہم و گمان بھی نہیں ہوتا۔ اور اس شان سے نمودار ہوتی ہے کہ اسباب و ظواہر کے غلام انگشت بدنداں رہ جاتے ہیں ۔ اللہم فزدنا بک ایمانا ویقینا و صدقا واخلاصا وحبا فیک و خضوعا لک و خشوعا لامرک -
Top