Tafseer-e-Madani - Al-Muminoon : 73
وَ اِنَّكَ لَتَدْعُوْهُمْ اِلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ
وَاِنَّكَ : اور بیشک تم لَتَدْعُوْهُمْ : انہیں بلاتے ہو اِلٰى : طرف صِرَاطٍ : راہ راستہ مُّسْتَقِيْمٍ : سیدھا۔ راستہ
اور آپ یقینا بلا رہے ہیں ان لوگوں کو حق و ہدایت کے سیدھے راستے کی طرف،
92 پیغمبر کی دعوت صراط مستقیم کی طرف : سو ارشاد فرمایا گیا اور کلمات تاکید کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ " آپ یقینا انکو بلا رہے ہیں سیدھی راہ کی طرف "۔ جس میں کسی شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہوسکتی۔ اور جو انسان کو دارین کی سعادت و سرخروئی سے سرفراز و ہمکنار کرنے والا راستہ ہے۔ اور جو عظیم الشان و بےمثال راہ ہے۔ مگر آپ کا کام صرف بلانا اور اس راستے کی دعوت دینا ہے اور بس۔ آگے راہ ہدایت پر ڈال دینا نہ آپ کی ذمہ داری ہے اور نہ ہی یہ آپ کے بس میں ہے۔ اب یہ بات ان لوگوں کے اپنے اختیار اور ان کی اپنی صوابدید پر ہے کہ یہ اس راہ حق کو اپنا کر اپنے لیے سعادت دارین کا سامان کرتے ہیں یا اس سے منہ موڑ کر شقاوت دارین کی راہ کو اپناتے ہیں ۔ والعیاذ باللہ ۔ بہرکیف پیغمبر کی دعوت صراط مستقیم کی اس عظیم الشان اور بےمثال شاہراہ کی طرف ہے جو انسان کو اس کی حقیقی منزل تک پہنچاتی اور دارین کی سعادت و سرخروئی سے ہمکنار و بہرہ مند کرنے والی واحد شاہراہ ہے۔ اور اس سے اعراض و روگردانی دنیا و آخرت کی ہر خیر سے محرومی ہے ۔ والعیاذ باللہ العظیم -
Top