Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 92
الَّذِیْنَ كَذَّبُوْا شُعَیْبًا كَاَنْ لَّمْ یَغْنَوْا فِیْهَا١ۛۚ اَلَّذِیْنَ كَذَّبُوْا شُعَیْبًا كَانُوْا هُمُ الْخٰسِرِیْنَ
الَّذِيْنَ : وہ جنہوں نے كَذَّبُوْا : جھٹلایا شُعَيْبًا : شعیب كَاَنْ : گویا لَّمْ يَغْنَوْا فِيْهَا : نہ بستے تھے اس میں وہاں اَلَّذِيْنَ : وہ جنہوں نے كَذَّبُوْا : جھٹلایا شُعَيْبًا : شعیب كَانُوْا : وہ ہوئے هُمُ : وہی الْخٰسِرِيْنَ : خسارہ پانے والے
جن لوگوں نے شعیب کو جھٹلایا تھا وہ (ایسے ہوگئے کہ) گویا کہ وہ وہاں کبھی رہے بسے ہی نہیں تھے، جنہوں نے شعیب کو جھٹلایا تھا وہی تھے خسارے والے،
130 تکذیب انبیاء و رسل کا انجام نہایت برا ۔ وَالْعِیَاذ باللّٰہِ : سو ارشاد فرمایا گیا کہ آخرکار آپکڑا ان لوگوں کو ایک ایسے ہولناک عذاب نے جس کے نتیجے میں وہ اپنے گھروں میں اوندھے کے اوندھے پڑے رہ گئے تھے۔ اور جس اوندھے پن کو انہوں نے زندگی بھر اپنائے رکھا تھا، آخر کار وہ سب اسی کی آغوش میں پہنچ گئے اور وہ ایسے ہوگئے کہ گویا کہ وہ وہاں پر کبھی رہے بسے ہی نہ تھے ۔ والعیاذ باللہ ۔ حضرات انبیاء و رسل اور ان کے پیغام حق کی تکذیب و عداوت کا نتیجہ و انجام نہایت ہی ہولناک ہے ۔ والعیاذ باللہ ۔ سو اس طرح شعیب (علیہ الصلوۃ والسلام) اور ان کے ساتھیوں کو نکال باہر کرنے کی دھمکیاں دینے والے خود ہمیشہ کے لئے مٹ گئے۔ اور یہی انجام ہوتا ہے حضرات انبیاء و رسل اور ان کے پیام حق اور اہل حق سے عداوت و دشمنی رکھنے کا۔ کہ ایسے لوگ بالآخر صفحہ ہستی سے مٹ کر اور اپنے آخری انجام کو پہنچ کر رہتے ہیں۔ مگر ابنائے کفر و باطل کی مت ایسی مار دی جاتی ہے کہ ان کو یہ بات سمجھ نہیں آتی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو کوئی مانے یا نہ مانے، تسلیم کرے یا نہ کرے، حق اور حقیقت بہرحال یہی ہے کہ حق کی تکذیب و مخالفت اور اس سے دشمنی و عداوت کا نتیجہ و انجام بڑا ہی ہولناک ہوتا ہے۔ اور ایسا کہ اس سے پھر نکلنے اور بچنے کی کوئی صورت ممکن نہیں رہتی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو وہی لوگ جو کل اپنے غرور اور تکبر میں مبتلا ہو کر حضرت شعیب کو یہ دھمکی دے رہے تھے کہ اگر تم ہمارے دین میں واپس نہ آئے تو ہم تمہیں اس ملک سے نکال باہر کریں گے، وہی آج ایسے مرمٹ چکے تھے جیسے کہ وہ کبھی اس ملک میں رہے بسے ہی نہیں تھے۔ سو اللہ کا عذاب بڑا ہی سخت اور نہایت ہی ہولناک ہوتا ہے۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ جن لوگوں نے جھٹلایا تھا شعیب کو وہی تھے خسارے والے ۔ والعیاذ باللہ -
Top