Mazhar-ul-Quran - Faatir : 36
وَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا لَهُمْ نَارُ جَهَنَّمَ١ۚ لَا یُقْضٰى عَلَیْهِمْ فَیَمُوْتُوْا وَ لَا یُخَفَّفُ عَنْهُمْ مِّنْ عَذَابِهَا١ؕ كَذٰلِكَ نَجْزِیْ كُلَّ كَفُوْرٍۚ
وَالَّذِيْنَ : اور وہ جن لوگوں نے كَفَرُوْا : کفر کیا انہوں نے لَهُمْ : ان کے لیے نَارُ جَهَنَّمَ ۚ : جہنم کی آگ لَا يُقْضٰى : نہ قضا آئے گی عَلَيْهِمْ : ان پر فَيَمُوْتُوْا : کہ وہ مرجائیں وَلَا يُخَفَّفُ : اور نہ ہلکا کیا جائے گا عَنْهُمْ : ان سے مِّنْ : سے۔ کچھ عَذَابِهَا ۭ : اس کا عذاب كَذٰلِكَ : اسی طرح نَجْزِيْ : ہم سزا دیتے ہیں كُلَّ كَفُوْرٍ : ہر ناشکرے
اور1 جو لوگ کہ کافر ہوئے ان کے لیے دوزخ کی آگ ہے نہ ان کی قضا آئے کہ مرجائیں اور نہ دوزخ کے عذاب میں ان پر کچھ کمی کی جائے ہم ہر بڑے ناشکرے (یعنی کافر) کو ایسی ہی سزا دیتے ہیں۔
(ف 1) فرمانبردار لوگوں کے انجام کے ذکر کے بعد یہ نافرمان لوگوں کے انجام کا ذکر فرمایا کہ ان کا انجام ہمیشہ کے لیے دوزخ کی آگ میں جانا ہے دنیا کی آگ کا ایک انگارہ اگر انسان کے جسم پر رکھ دیاجائے تو اس کی برداشت اس سے نہیں ہوسکتی، دوزخ کی آگ تو وہ آگ ہے جس میں دنیا کی آگ سے انہتر حصے تیزی میں زیادہ ہے پھر فرمایا کہ دنیا کی تکلیف سے دوطرح چھٹکارا ہوتا ہے، یا تو آدمی تکلیف کی سختی سے مرجاتا ہے۔ یارفتہ رفتہ تکلیف کچھ کم ہوجاتی ہے دوزخ میں یہ دونوں باتیں نہ ہوں گی دوزخ کی تکلیف تو ایسی ہوگی کہ چاروں طرف سے موت نظر آئے گی اور وہاں ان کی موت کا بھی حکم نہ دیاجائے گا جس سے مرکرچھوٹ جائیں اور نہ گھڑی بھر اس عذاب میں کسی قسم کی تخفیف کی جائے گی جیسا کہ ہم ان کو عذاب میں گرفتار کریں گے اور ایسے ہی ہر کافر کا حال ہونا ہے اور وہ اس آگ میں چیخ چیخ کر پکار رہے ہوں گے کہ اے ہمارے پروردگار تو ہم کو اس آگ سے نکال دے تاکہ ہم اچھے کام کریں اور وہ کام نہ کریں گے جو ہم دنیا میں خراب کرتے تھے اس بارگاہ عالی سے حکم ہوگا، کیا ہم نے تم کو اس قدر عمر نہ دی تھی کہ جو چاہتا اس مدت میں نصیحت پکڑسکتا تھا اور تمہارے پاس ڈرسنانے والا بھی ہمارے پاس سے آیا، اس وقت تم کو کچھ نہ سوجھی اس وقت خدا اور رسول کو بھول گئے اب کیا ہوسکتا ہے کہ تمہارے عمل کرنے کا وقت گذر گیا، وہ تو دنیا ہی میں تھا اور اس عالم کو تو ہم نے جزاوسزا کے ہی کے لی بنایا ہے باوجودیکہ ہمارے پیغمبر بھی تمہارے پاس سمجھانے کو آئے سو تم نے ان کا کہنا نہ مانا، سو اب اس عذاب کا مزہ چکھو کافروں کا کوئی ایسا مددگار نہیں ہے جو ان کو عذاب سے بچالے۔
Top