Al-Qurtubi - An-Nahl : 88
اَلَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ صَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ زِدْنٰهُمْ عَذَابًا فَوْقَ الْعَذَابِ بِمَا كَانُوْا یُفْسِدُوْنَ
اَلَّذِيْنَ : وہ لوگ جو كَفَرُوْا : انہوں نے کفر کیا وَصَدُّوْا : اور روکا عَنْ : سے سَبِيْلِ : راہ اللّٰهِ : اللہ زِدْنٰهُمْ : ہم بڑھا دیں گے انہیں عَذَابًا : عذاب فَوْقَ : پر الْعَذَابِ : عذاب بِمَا : کیونکہ كَانُوْا يُفْسِدُوْنَ : وہ فساد کرتے تھے
جن لوگوں نے کفر کیا اور (لوگوں کو) خدا کے راستے سے روکا ہم ان کو عذاب پر عذاب دیں گے اس لئے کہ شرارت کیا کرتے تھے۔
آیت نمبر 88 قولہ تعالیٰ : الذین کفروا وصدوا عن سبیل اللہ زرنھم عذابا فوق العذاب حضرت ابن مسعود ؓ نے بیان کیا : وہ بچھو ہیں جن کی داڑھیں کھجور کے درخت کی طرح طویل ہوں گی، اور سانپ ہیں جو اونٹ کی گردن کی مثل ہوں گے، اور اژدھا ہیں گویا کہ وہ لمبی گردن والے اونٹ ہیں وہ انہیں ماریں گے (اور ان پر مسلط ہوں گے) پس یہی زیادتی ہے۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے : اس کا معنی ہے انہیں آگ سے زمہر یر کی طرف نکالا جائے گا پس وہ اس کی سخت اور شدید سردی اور ٹھنڈک کی وجہ سے آگ کی طرف بھاگیں گے۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے : اس کا معنی ہے ہم نے ان کی قیادت کرنے والوں پر ان کی اتباع کرنے والوں کی نسبت عذاب بڑھا دیا، پس دو عذابوں میں سے ایک ان کے کفر کی وجہ سے ہوگا اور دوسرا عذاب ان کے لئے دوسروں کو روکنے کی وجہ سے ہوگا۔ بما کانوا یفسدون اس وجہ سے کہ وہ دنیا میں کفر اور معصیت کے سبب فساد برپا کرتے تھے۔
Top