Mufradat-ul-Quran - An-Naml : 55
اَلَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ صَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ زِدْنٰهُمْ عَذَابًا فَوْقَ الْعَذَابِ بِمَا كَانُوْا یُفْسِدُوْنَ
اَلَّذِيْنَ : وہ لوگ جو كَفَرُوْا : انہوں نے کفر کیا وَصَدُّوْا : اور روکا عَنْ : سے سَبِيْلِ : راہ اللّٰهِ : اللہ زِدْنٰهُمْ : ہم بڑھا دیں گے انہیں عَذَابًا : عذاب فَوْقَ : پر الْعَذَابِ : عذاب بِمَا : کیونکہ كَانُوْا يُفْسِدُوْنَ : وہ فساد کرتے تھے
جن لوگوں نے کفر کیا ہوگا (دنیا میں) اور انہوں نے روکا ہوگا اللہ کی راہ سے، انھیں ہم عذاب پر عذاب دیں گے، اس فساد (اور فتنہ انگیزی) کے بدلے میں جو وہ (دنیا میں) برپا کرتے رہے تھے،1
183۔ لیڈر ان کفر و شرک کی حق دشمن کاروائیاں :۔ کہ یہ لوگ نورحق و ہدایت سے خود محروم ہونے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس سے روکتے ہیں۔ چناچہ ارشاد فرمایا گیا ” جنہوں نے روکا ہوگا اللہ کی راہ سے “ اپنے کفر وباطل کی ظاہری چمک دمک، جھوٹے ٹھاٹھ باٹھ، من گھڑت فلسفہ طرازیوں بہتان بازیوں اور دھونس دھاندلی وغیرہ وغیرہ کے ذریعے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اور اس طرح دوسروں کو بھی راہ حق و ہدایت سے روک کر یہ لوگ اپنی محرومی کے ساتھ ساتھ دوسروں کی محرومیوں کا باعث بنے ہوں گے۔ اور اس طرح انہوں نے اپنی سیاہ بختی کے داغ کو اور پکا کیا ہوگا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اور ضلال کے ساتھ ساتھ اضلال کے دوہرے جرم کے مرتکب ہوئے 184۔ پیشوایان کفر وباطل کے لئے عذاب پر عذاب۔ والعیاذ باللہ العظیم :۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ ایسوں کیلئے عذاب پر عذاب کی سزا ہوگی۔ والعیاذ باللہ۔ ایک گمراہ ہونے کا دوسرا گمراہ کرنے کا۔ اور اس طرح وہ جرم پر جرم کے ارتکاب کی پاداش میں عذاب پر عذاب پا کر رہیں گے تاکہ اپنی کمائی کا پورا پورا صلہ وبدلہ پاس کیں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ سو آج تو ایسے لوگ اپنی اس طرح کی لیڈری پر خوش ہوتے اور اس کو اپنی چالاکی قرار دیتے ہیں لیکن یہ بدبخت نہیں سمجھتے کہ وہ ضلال اور اضلال دونوں کے مجرم قرار پا رہے ہیں جس پر ان کو عذاب پر عذاب بھگتنا ہوگا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ 185۔ جرم افساد کی سنگینی وخطورت :۔ سو ارشاد فرمایا گیا کہ ان کو دوہرا عذاب ہوگا ان کے افساد کے باعث جس کا ارتکاب انہوں نے اپنے کفر و شرک کے ذریعے کیا، سو معلوم ہوا کہ کفر وانکار خرابی و فساد کی جڑ بنیاد ہے۔ والعیاذ باللہ۔ سو ایمان و یقین صلاح و اصلاح کی اصل اواساس ہے۔ اور کفر انکار خرابی و فساد کی جڑ بنیاد۔ اگرچہ اس کے علمبردار اپنے طور پر بڑے بلند بانگ دعوے کرتے ہوں۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ سو اس سے افساد و بغاوت یعنی کفر و شرک کے جرم کی سنگینی اور خطورت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اس سے ان لوگوں کو عذاب پر عذاب بھگتنا ہوگا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔
Top