Ruh-ul-Quran - Ash-Shu'araa : 53
فَاَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِی الْمَدَآئِنِ حٰشِرِیْنَۚ
فَاَرْسَلَ : پس بھیجا فِرْعَوْنُ : فرعون نے فِي الْمَدَآئِنِ : شہروں میں حٰشِرِيْنَ : اکٹھا کرنے والے (نقیب)
پس فرعون نے شہروں میں (فوجیں جمع کرنے کے لیے) ہر کارے بھیجے
فَاَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِی الْمَدَآئِنِ حٰشِرِیْنَ ۔ اِنَّ ھٰٓـؤُلَآئِ لَشِرْ ذِمَۃٌ قَلِیْلُوْنَ ۔ وَاِنَّھُمْ لَنَا لَغَـآئِظُوْنَ ۔ وَاِنَّا لَجَمِیْعٌ حٰذِرُوْنَ ۔ (الشعرآء : 53 تا 56) (پس فرعون نے شہروں میں (فوجیں جمع کرنے کے لیے) ہر کارے بھیجے۔ (اور کہلابھیجا) کہ یہ لوگ مٹھی بھر ہیں۔ اور بیشک انھوں نے ہم کو بہت ناراض کیا ہے۔ اور ہم ایک مستعد جمعیت ہیں۔ ) لَشِرْ ذِمَۃٌ … الجمع القلیل المختصر … مختصر اور حقیر گروہ کو شرذمۃ کہتے ہیں۔ اس کی جمع الشراذم ہے۔ تعاقب کے لیے فرعون کی تدبیریں چناچہ فرعون نے سرداروں اور فوجیوں کو اکٹھا کرنے کے لیے مملکت کے تمام شہروں میں اپنے آدمی دوڑا دیئے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے ساتھ جادوگروں کے مقابلے سے لے کر کئی سالوں کی کشمکش میں اہل مصر دیکھ چکے تھے کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی پشت پر کوئی غیبی قوت ہے۔ اس وجہ سے فرعون اور اہل مصر دل میں آپ سے بہت خوفزدہ تھے۔ زیادہ ڈرنے والے شخص کی نفسیاتی کیفیت یہ ہوتی ہے کہ وہ ڈینگیں زیادہ مارتا اور اپنے خوف کو چھپانے کے لیے بہ کثرت احتیاطی تدابیر عمل میں لاتا ہے۔ فرعون کا رویہ بھی اس سے مختلف نہ تھا۔ ایک طرف وہ ملک بھر سے فوجیں طلب کررہا تھا اور دوسری طرف بنی اسرائیل کو ایک مٹھی بھر جماعت قرار دے کر ان کا خوف بھی دلوں سے نکالنا چاہتا تھا۔ اور اس احساس کے ساتھ کہ کوئی شخص ہماری تیاریوں کو ہماری خوفزدگی پر محمول نہ کرے۔ اپنی تمام تر کاوشوں کو احتیاطی تدابیر اور اپنی چوکسی کی علامت قرار دیتا تھا۔ اور ساتھ ہی ساتھ اپنے لوگوں کو یہ احساس دلا رہا تھا کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور بنی اسرائیل کی بعض حرکتوں نے ہمیں بہت ناراض کردیا ہے۔ اس لیے ہم ان کو ہرگز اس کا موقع نہیں دینا چاہتے کہ وہ ملک میں کوئی گڑبڑ پیدا کریں یا ہمارے قابو سے باہر ہوجائیں۔ اگرچہ ان کی حیثیت ہماری فوجوں کے مقابلے میں نہایت حقیر ہے، وہ مٹھی بھر اور حالات کے مارے ہوئے لوگ ہیں۔ اور ہم ان کے مقابلے ایک بہت بڑی جمعیت اور ایک بڑی قوت کے مالک ہیں، ہمارے لیے فکرمندی کی کوئی بات نہیں۔ تاہم احتیاط کا تقاضا ہے کہ چیونٹی کو بھی کاٹنے کا موقع نہ دیا جائے۔ چناچہ اس طرح سے اس نے ملک بھر سے اپنی فوجیں اور اپنے قابل ذکر جرنیل مصر میں طلب کرلیے۔
Top