Tadabbur-e-Quran - At-Tur : 3
فِیْ رَقٍّ مَّنْشُوْرٍۙ
فِيْ رَقٍّ : جھلی میں مَّنْشُوْرٍ : پھیلی ہوئی
جھلی کے کھلے ہوئے اوراق میں
فی رق منشور (3)۔۔۔ لفظ رق کی تحقیق اوپر بیان ہوچکی ہے۔ اس کتاب کے پھیلے ہوئے اوراق میں ہونے کا حوالہ یہاں خلق پر اتمام حجت کے پہلو سے ہے، یعنی یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے بلکہ ایک آشکر حقیقت ہے جو بالکل کھلے اور پھیلے ہوئے اوراق میں بیان ہوئی ہے، جو شخص چاہے، اس کو پڑھ سکتا ہے اور اگر پڑھ نہیں سکتا تو اس کو پڑھوا کر سن سکتا ہے۔ بلکہ اس کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس کتاب کے حاملین سے مطالبہ کرے کہ وہ اس کو بتائیں اور سنائیں کہ اس کتاب میں اللہ تعالیٰ نے کیا بیان فرمایا ہے۔ یہ امر یہاں ملحوظ رہے کہ اہل عرب دینی معاملات میں اہل کتاب کی برتری تسلیم کرتے رہے ہیں، چناچہ جگہ جگہ قرآن نے ان کو توجہ دلائی ہے کہ اگر وہ نہیں جانتے تو اہل کتاب سے پوچھ لیں، پھر یہ بات بھی ہے کہ تورات میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل (علیہما السلام) کی تاریخ بھی بیان ہوئی ہے اور اہل عرب اس بات کے مدعی تھے کہ وہ جس دین پر ہیں وہ ان کو اپنے انہی اجداد سے وراثت میں ملا ہے۔ گویا ان کے لیے یہ ایک لطیف اشارہ ہے کہ وہ اس کتاب سے معلوم کرسکتے ہیں کہ ان کے اجداد نے ان کو جزاء و سزا سے ڈرایا ہے یا نہیں۔ (وقت کے یہود پر ایک لطف تعریفیں) لفظ منشور میں وقت کے یہود پر نہایت لطیف تعریفیں بھی ہے۔ قرآن میں یہ بات جگہ جگہ بیان ہوئی ہے کہ یہود اپنے صحیفوں کی بہت سی باتیں چھپاتے ہیں۔ کتمان حق کی یہ بیماری یہود کے اندران کے دور زوال میں پیدا ہوئی اور اس کے پیدا ہونے کے اسباب میں سے ایک بڑا سبب یہ بھی تھا کہ وہ یہ نہیں چاہتے تھے کہ لوگ ان پشین گوئیوں سے واقف ہوں جو تورات کے صحیفوں میں ہی آخر الزمان ﷺ سے متعلق دارد ہیں اور جن میں ان کو یہ دھمکی بھی دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے اس نبی کی تکذیب کی تو وہ خدا کے مغضوب اور امامت سے محروم ہوجائیں گے۔ اس لفظ سے یہود کو تورات کی اصل نوعیت کی یادددہانی فرمائی گئی کہ یہ پھیلے ہوئے، صاف و شفاف اوراق میں تھی کہ لوگ اس کو پڑھیں اور سمجھیں اور اس کے اوراق ہر وقت لوگوں کے سامنے کھلے رہیں، لیکن وہ اپنی بد بختی سے ان کو چھپاتے ہیں۔ یہی حقیقت حضرت مسیح نے یہود کو خطاب کر کے یوں واضح فرمائی ہے کہ تم کو چراغ دیا گیا تھا کہ گھر میں اس کو بلند جگہ پر رکھو کہ سارے گھر میں روشنی پھیلے، لیکن تم نے اس کو پیمانے کے نیچے ڈھانک کر رکھا ہے۔
Top