Urwatul-Wusqaa - Ash-Shura : 31
وَ مَاۤ اَنْتُمْ بِمُعْجِزِیْنَ فِی الْاَرْضِ١ۖۚ وَ مَا لَكُمْ مِّنْ دُوْنِ اللّٰهِ مِنْ وَّلِیٍّ وَّ لَا نَصِیْرٍ
وَمَآ اَنْتُمْ : اور نہیں تم بِمُعْجِزِيْنَ : عاجز کرنے والے فِي الْاَرْضِ : زمین میں وَمَا لَكُمْ : اور نہیں تمہارے لیے مِّنْ : سے دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا مِنْ وَّلِيٍّ : کوئی دوست وَّلَا نَصِيْرٍ : اور نہ کوئی مددگار
اور تم (اللہ کو) زمین میں عاجز نہیں کرسکتے اور اللہ کے سوا تمہارا کوئی دوست اور مددگار نہیں ہے
تمہارے کیے کا وبال بھی تم انسانوں ہی پر پڑتا ہے تم اللہ کو عاجز نہیں کر سکتے 31 ؎ یہ بات بھی تمام نسل انسانی کو مخاطب کر کے کی جا رہی ہے کہ تمہاری ان کارستانیوں اور بداعتدالیوں کا وبال بھی تم ہی لوگوں پر پڑتا ہے تم اللہ تعالیٰ کو کسی معاملہ میں عاجز نہیں کرسکتے اس نے جو قوانین بنا دیئے ہیں ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے اللہ تعالیٰ کا کوئی نقصان نہیں ہے جتنا نقصان ہے وہ انسانوں کا اپنا ہی نقصان ہے۔ یہ اعمال انسانی کے نتائج کا ذکر ہے ورنہ کوئی کافر سے کافر انسان بھی بزبان قال یہ نہیں کہتا کہ میں اللہ کو عاجز کرنے کے لیے یہ کام کرنا چاہتا ہوں یہ دوسری بات ہے کہ کوئی ربِّ کریم کی ذات ہی سے انکاری ہو یا وہ اللہ ربِّ کریم کی ذات سے تو انکاری نہ ہو جس کے ساتھ وہ بات کر رہا ہو اس کے متعلق یہ سمجھے کہ جو بات یہ اللہ رب العالمین کے نام سے کر رہا ہے یہ بات اللہ کی نہیں ہو سکتی اور اس گمان کے باعث کوئی بات وہ زبان سے کہہ دے ہاں ! انسانوں میں سے بعض انسانوں کے اعمال ایسے ہوس کتے ہیں جن سے اس بات کا ثبوت نکلتا ہو جس کا ذکر اس آیت میں کیا جا رہا ہے اس لیے ایسے انسانوں کو بتایا جا رہا ہے کہ جب تم ایسے اعمال کرو گے تو چونکہ اعمال کے ساتھ نتائج وابستہ ہیں وہ نتائج بھی برآمد ہوں گے جو ان اعمال کے ساتھ وابستہ کردیئے گئے ہیں اور پھر جب نتائج ظاہر ہوں گے تو اللہ کے سوا کوئی مائی کے لال کی یہ ہمت نہیں ہوگی وہ تمہاری دوستی کے باعث تمہاری مدد کے لیے میدان میں آجائے اور ان نتائج سے تم کو دوچار نہ ہونے دے نہ یہ ممکن ہے کہ تم کو بچا کر نتیجہ اپنے سر لے لے اور نہ یہ کہ نتیجہ بھی روک دے یا موخر کر دے اگر اس راز کو انسان سمجھ جائے تو وہ کوئی قدم رضائے الٰہی کے خلاف اٹھا ہی نہ سکیں اور یہ بات بھی پوری نسل انسانی ہی کو مخاطب کر کے کہی جا رہی ہے کہ کسی ایک قوم یا کسی ایک گروہ کو مخاطب نہیں کیا گیا یہ بات دوسری ہے کہ کون یہ کارستانیاں اور بداعتدالیاں کر رہا ہے اور کون نہیں اس کا حساب اللہ تعالیٰ کے پاس محفوظ ہے جو حساب ظاہر ہونے کے روز ظاہر ہو کر رہے گا اور ہر ایک کی پارسائی کا راز کھل جائے گا بلاشبہ سچ فرمایا گیا کہ { من زحزح عن النار فقد فاز }
Top