Urwatul-Wusqaa - Ar-Rahmaan : 5
اَلشَّمْسُ وَ الْقَمَرُ بِحُسْبَانٍ۪
اَلشَّمْسُ : سورج وَالْقَمَرُ : اور چاند بِحُسْبَانٍ : حساب کے ساتھ ہیں
سورج اور چاند ایک مقرر حساب کے پابند ہیں
سورج اور چاند ایک مقرر حساب کے پابند ہیں 5۔ (حسبان) حساب ، شمار حسب یحسب کا مصدر ہے۔ دونوں حساب کے کام آتے ہیں ، دونوں اپنے اپنے مدار میں گردش کناں ہیں اور اس طرح نظم وضبط کے پابند ہیں کہ کروڑوں سال گزرنے کے باوجود ان کی آمدورفت میں کبھی ایک سیکنڈ کا فرق نہیں آیا اور نہ ہی ممکن ہوا ہے جو طریقہ ان کے لیے مقرر ہے اس کے پابند ہیں۔ اتنے بڑے اجرام فلکی ہونے کے باوجود کبھی ایک دقیقہ وشائبہ کا فرق بھی ان میں نہیں آیا۔ دنیا میں جتنے حساب جاری ہوئے ہیں اور تاریخیں چل رہی ہیں سب انہیں کی مرہون منت ہیں اس کی مزید وضاحت دیکھنا درکار ہو تو غزوۃ الوثقٰی جلد ہفتم سورة یٰس کی آیت 40 کی تفسیر دیکھیں اور اپنے طور پر غوروفکر کریں کہ اللہ تعالیٰ کی یہ نشانیاں انسان کے سامنے کیا درس پیش کرتی ہیں اور انسانوں کو کیا سبق دے رہی ہیں اور پھر یہ بھی کہ کس خاموشی کے ساتھ ان کا درس جاری وساری ہے جو چاہتا ہے ان سے سبق حاصل کرکے اپنی دنیاوی اور اخروی زندگی کو سنوار لیتا ہے اور جو چاہتا ہے جانوروں کی طرح وہ ان کی ذات سے استفادہ کرنے کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوجاتا ہے ان کو کسی سے کوئی سروکار نہیں کہ کون سبق حاصل کر رہا ہے اور کون ان پر تھوک کر اپنے منہ پر ڈال رہا ہے اور کون ہے جو اللہ تعالیٰ کی حدود وقیود کو توڑ کر دنیا میں اودھم مچانے کی جسارت کر رہا ہے اور اس طرح اس نے اپنی دنیا بھی برباد کی ہے اور اپنی آخرت کا جنازہ بھی نکالا ہے حالانکہ جو قانون اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کے ہر گوشے میں نافذ کر رکھے ہیں ان کی پابندی کا حق تو سب سے زیادہ انسان ہی کو پہنچتا تھا لیکن وہ حدود وقیود کو توڑنے میں بہت تیز نکلا۔
Top