Ruh-ul-Quran - Al-Ankaboot : 32
قَالَ اِنَّ فِیْهَا لُوْطًا١ؕ قَالُوْا نَحْنُ اَعْلَمُ بِمَنْ فِیْهَا١٘ٙ لَنُنَجِّیَنَّهٗ وَ اَهْلَهٗۤ اِلَّا امْرَاَتَهٗ١٘ۗ كَانَتْ مِنَ الْغٰبِرِیْنَ
قَالَ : ابراہیم نے کہا اِنَّ فِيْهَا : بیشک اس میں لُوْطًا : لوط قَالُوْا : وہ بولے نَحْنُ : ہم اَعْلَمُ : خوب جانتے ہیں بِمَنْ فِيْهَا : اس کو جو اس میں لَنُنَجِّيَنَّهٗ : البتہ ہم بچا لیں گے اس کو وَاَهْلَهٗٓ : اور اس کے گھر والے اِلَّا : سوا امْرَاَتَهٗ : اس کی بیوی كَانَتْ : وہ ہے مِنَ : سے الْغٰبِرِيْنَ : پیچھے رہ جانے والے
حضرت ابراہیم نے کہا اس بستی میں تو لوط بھی ہے، فرشتوں نے جواب دیا ہم خوب جانتے ہیں جو اس میں ہے، ہم اس کو اور اس کے اہل کو بچا لیں گے، مگر اس کی بیوی کو، وہ پیچھے رہ جانے والوں میں سے ہوگی
قَالَ اِنَّ فِیْھَا لُوْطًا ط قَالُوْا نَحْنُ اَعْلَمُ بِمَنْ فِیْھَا وقفۃ ز لَنُنَجِّیَنَّـہٗ وَاَھْلَــٓـہٗ اِلاَّ اْمَرَاتَہٗ ق ز کَانَتْ مِنَ الْغٰبِرِیْنَ ۔ (العنکبوت : 32) (حضرت ابراہیم نے کہا اس بستی میں تو لوط بھی ہے، فرشتوں نے جواب دیا ہم خوب جانتے ہیں جو اس میں ہے، ہم اس کو اور اس کے اہل کو بچا لیں گے، مگر اس کی بیوی کو، وہ پیچھے رہ جانے والوں میں سے ہوگی۔ ) حضرت لوط (علیہ السلام) سے متعلق حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کی تشویش اور اس کا جواب حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو جیسے ہی معلوم ہوا کہ یہ فرشتے قوم لوط پر عذاب لے کر جارہے ہیں تو آپ ( علیہ السلام) نے پریشان ہو کر حضرت لوط (علیہ السلام) کے بارے میں پوچھا کہ وہ بھی تو اس بستی میں ہیں، ان کا کیا بنے گا۔ فرشتوں نے بتایا کہ ہم اس کے اہل خانہ اور اس پر ایمان لانے والوں کو اس عذاب سے محفوظ رکھیں گے۔ لیکن ان کی بیوی وہ عذاب کی نذر ہوجائے گی کیونکہ وہ اپنے عظیم شوہر کے ساتھ مخلص نہیں اس کا تعلق عقیدے کے اعتبار سے اپنی قوم کے ساتھ ہے۔ اندازہ کیجیے کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں پیغمبر کے ساتھ برسوں کا تعلق بھی ایمان کے بغیر کام نہیں آتا۔ اس کے ساتھ وہی عادلانہ سلوک ہوتا ہے جو باقی کافروں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
Top