Urwatul-Wusqaa - Yaseen : 14
اِذْ اَرْسَلْنَاۤ اِلَیْهِمُ اثْنَیْنِ فَكَذَّبُوْهُمَا فَعَزَّزْنَا بِثَالِثٍ فَقَالُوْۤا اِنَّاۤ اِلَیْكُمْ مُّرْسَلُوْنَ
اِذْ : جب اَرْسَلْنَآ : ہم نے بھیجے اِلَيْهِمُ : ان کی طرف اثْنَيْنِ : دو فَكَذَّبُوْهُمَا : تو انہوں نے جھٹلایا انہیں فَعَزَّزْنَا : پھر ہم نے تقویت دی بِثَالِثٍ : تیسرے سے فَقَالُوْٓا : پس انہوں نے کہا اِنَّآ : بیشک ہم اِلَيْكُمْ : تمہاری طرف مُّرْسَلُوْنَ : بھیجے گئے
(پھر وہ وقت) جب ہم نے ان کی طرف دو (رسول) بھیجے تو انہوں نے ان دونوں کو جھٹلایا پھر ہم نے ایک تیسرے (رسول) سے ان کی تائید کی پھر ان تینوں نے کہا ہم تمہارے پاس (اللہ کی طرف سے) بھیجے گئے ہیں
دو رسولوں کو ہم نے پہلے بھیجا اور پھر تیسرے نے ان کی مدد کی : 14۔ قرآن کریم نے اس واقعہ کے متعلق صرف اس قدر بتایا ہے کہ گزشتہ زمانہ میں ایک بستی میں کفر وشرک اور شر و فساد کو دور کرنے کے لئے اور رشد وہدایت کا سبق دینے کے لئے اللہ تعالیٰ نے دو پیغمبروں کو مامور کیا ‘ انہوں نے اہل قریہ کو حق کی تلقین کی اور صراط مستقیم کی طرف ان کو دعوت دی لیکن بستی والوں نے ان دونوں کو جھٹلایا ‘ تو اس وقت ہم نے ایک ہادی کا اور اضافہ کردیا اور وہ تینوں مل کر ایک جماعت ہوگئے اور اب ان تینوں نے یقین دلانے کی سرتوڑ کوشش کی کہ تم تسلیم کرلو ہم کو اللہ تعالیٰ نے نبی و رسول بنا کر تمہاری طرف مبعوث کیا ہے لیکن انہوں نے ان کی بات ماننے سے مکمل انکار کردیا اور وہی کہا جو گزشتہ قومیں کہتی آرہی تھیں ۔
Top