(3) جس نے آپ کی پیٹھ کو گراں بار کررکھا تھا - یعنی منصب رسالت کی ذمہ داریوں کو محسوس کرکے جو طبیعت پر گرانی تھی اس کو ہمنے شرح صدر کی برکت سے آپ پر ہلکا کردیا، ہوسکتا ہے کہ وحی کی گرانی کی طرف اشارہ ہو جو شروع شروع میں گراں معلوم ہوتی تھی یا زمانہ جاہلیت کی بعض نامناسب باتیں جواب شریعت کی روشنی میں نامناسب معلوم ہوئیں اس سے طبیعت مبارک پر گرانی ہوتی ہو کہ ان باتوں کا اب کیا ہوگا ان کی بشارت دی گئی ہو کہ وہ سب درگزر کردی گئیں۔
یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کی خلقی استعداد اور آپ کی علو ہمتی جن کمالات اور مقامات کے حصول کا تقاضا کرتی ہو اور حضور ﷺ کو ان کا حاصل کرنا دشوار معلوم ہوتا ہو اور ان کے عدم حصول سے طبیعت پر گرانی ہو۔ شرح صدر کی برکت سے وہ مقامات اور کمالات حاصل ہوگئے ہوں ان کی طرف اشارہ ہو کہ ہم نے تمہاری گراں باری کو دور کردیا۔ کماقالہ الشاہ عبدالعزیز الدہلوی فی تفسیر اعنی فتح العزیز
آگے تیسری نعمت کا ذکر ہے حضرت شاہ صاحب فرماتے ہیں وحی کا اترنا اول مشکل تھا پھر آسان ہوگیا۔