Tafseer-e-Madani - An-Nahl : 73
وَ یَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ مَا لَا یَمْلِكُ لَهُمْ رِزْقًا مِّنَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ شَیْئًا وَّ لَا یَسْتَطِیْعُوْنَۚ
وَيَعْبُدُوْنَ : اور پرستش کرتے ہیں مِنْ : سے دُوْنِ اللّٰهِ : اللہ کے سوا مَا : جو لَا يَمْلِكُ : اختیار نہیں لَهُمْ : ان کے لیے رِزْقًا : رزق مِّنَ : سے السَّمٰوٰتِ : آسمانوں وَالْاَرْضِ : اور زمین شَيْئًا : کچھ وَّ : اور لَا يَسْتَطِيْعُوْنَ : نہ وہ قدرت رکھتے ہیں
اور پوجا کرتے ہیں یہ لوگ اللہ کے سوا ایسی (بےحقیقت) چیزوں کی جو نہ تو آسمانوں سے ان کے لئے کسی طرح کی روزی رسانی کا اختیار رکھتی ہیں، اور نہ ہی زمین سے، اور نہ ہی وہ اس کی کچھ سکت رکھتے ہیں،
146۔ مشرکوں کی حماقت کا ایک اور نمونہ ومظہر : کہ بخشا تو ان کو اور سب دنیا کو اللہ وحدہ لاشریک ہی نے ہے اور وہی وحدہ لاشریک ہے جو سب کو دیتا ہے اور سب کو بخشتا ہے۔ مگر یہ لوگ ہیں کہ اس وحدہ لاشریک کو چھوڑ کو جو وہاب مطلق ہے یہ اپنے خود ساختہ اور من گھڑت معبودوں کی پوجا کرتے ہیں۔ جو نہ آسمان سے کسی طرح کی روزی کا اختیار رکھتے ہیں اور نہ زمین سے کوئی انگوری وغیرہ نکالنے کی۔ یعنی نہ تو وہ اس کا کوئی اختیار رکھتے ہیں کہ ان کے لئے آسمان سے بارش اتار سکیں جس سے زمین کو زندگی ملتی ہے۔ اور نہ ان میں اس کی کوئی ہمت اور سکت ہے کہ وہ بارش کے اتر جانے کے بعد زمین سے کوئی انگوری اور پیداوارنکال سکیں۔ تو پھر ایسوں کو معبود بنانا اور ان کے مراسم عبودیت بجا لانا کس قدر حماقت ہے۔ اور اس واہب مطلق معبود برحق کی عبادت و بندگی سے منہ موڑنا کس قدر ظلم ہے ؟۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اور ہر اعتبار سے اپنی حفاظت وپناہ میں رکھے۔ آمین۔ 147۔ معبودان باطلہ کے بس میں کچھ بھی نہیں : سو وہ نہ کچھ کرتے ہیں اور نہ ہی وہ اس کی کوئی سکت رکھتے ہیں کہ وہ ہیں ہی عاجز وبے بس۔ پھر وہ کیا کرسکتے ہیں۔ (محاسن التاویل وغیرہ) یعنی کبھی ایسے ہوتا ہے کہ کوئی شخص کوئی کام کرتا تو نہیں لیکن اس کے اندر اس کیلئے ہمت اور طاقت تو موجود ہوتی ہے۔ مگر یہ اس سے بھی عاجز اور گئے گزرے ہیں (المراغی وغیرہ) ۔ سو بات صرف اتنی ہی نہیں کہ وہ کچھ کرتے نہیں بلکہ وہ کچھ کرسکتے ہی نہیں۔ وہ اگر چاہیں بھی اور اس کے لئے زور بھی لگائیں تو بھی کچھ نہیں کرسکتے کہ وہ بےحقیقت اور بےجان محض ہیں۔ سو اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ جو ایسوں کو اپنا معبود مان کر ان کے آگے مراسم عبودیت بجالاتے ہیں وہ کیا ہوں گے (ضعف الطالب والمطلوب) سو کفر و شرک ذلتوں کی ذلت اور ہلاکتوں کی ہلاکت ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم۔
Top