Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 50
اَفَحُكْمَ الْجَاهِلِیَّةِ یَبْغُوْنَ١ؕ وَ مَنْ اَحْسَنُ مِنَ اللّٰهِ حُكْمًا لِّقَوْمٍ یُّوْقِنُوْنَ۠   ۧ
اَفَحُكْمَ : کیا حکم الْجَاهِلِيَّةِ : جاہلیت يَبْغُوْنَ : وہ چاہتے ہیں وَمَنْ : اور کس اَحْسَنُ : بہترین مِنَ : سے اللّٰهِ : اللہ حُكْمًا : حکم لِّقَوْمٍ : لوگوں کے لیے يُّوْقِنُوْنَ : یقین رکھتے ہیں
تو کیا یہ لوگ جاہلیت کا حکم (اور فیصلہ) چاہتے ہیں ؟ اور اللہ سے بڑھ کر اچھا حکم (اور فیصلہ) اور کس کا ہوسکتا ہے ؟ ان لوگوں کے لئے جو یقین رکھتے ہیں ؟
132 سب سے اچھا حکم و فیصلہ اللہ ہی کا ہے : ـسو استفہام انکاری سے واضح فرما دیا گیا کہ اللہ کے حکم سے بڑھ کر اچھا حکم و فیصلہ اور کسی کا بھی نہیں ہوسکتا۔ سو استفہام یہاں پر انکاری ہے۔ یعنی کہ اللہ کے حکم و فیصلہ سے بڑھ کر اچھا حکم و فیصلہ اور کسی کا بھی نہیں ہوسکتا کہ اس وحدہ لاشریک کا حکم ہر لحاظ سے احسن و افضل اور اعلیٰ وبالا ہوتا ہے ۔ سبحانہ و تعالیٰ ۔ کہ اس کا علم بھی کامل و شامل اور اس کی حکمت بھی کامل و لایزال۔ اور اس کی رحمت بھی کامل و لامحدود۔ اس لیے اس کے ارشاد فرمودہ حکم و قانون کی کوئی نظیر و مثال ممکن ہی نہیں ہوسکتی۔ تو پھر اس کے حکم و قانون سے بڑھ کر کسی کے حکم و قانون کا سوال ہی کیا پیدا ہوسکتا ہے ؟۔ پس انسان کیلئے دارین کی سعادت و سرخروئی اور فوز و فلاح اسی امر سے وابستہ ہے کہ وہ اپنے خالق ومالک کے اوامرو ارشادات کو دل و جان سے قبول کرے اور صدق دل سے ان پر عمل پیرا ہو ۔ وَبِاللّٰہ التوفیق ۔ سو بڑے ہی محروم اور بدبخت ہیں وہ لوگ جو اس وحدہ لاشریک کے حکم و ارشاد کا انکار کرتے اور اس سے اعراض و روگردانی برتتے ہیں۔ اور اس طرح وہ اپنے لیے دائمی ہلاکت اور انتہائی ہولناک خسارے کا سامان کرتے ہیں ۔ والعیاذ باللہ -
Top