Tafseer-e-Madani - Al-A'raaf : 183
وَ اُمْلِیْ لَهُمْ١۫ؕ اِنَّ كَیْدِیْ مَتِیْنٌ
وَاُمْلِيْ : اور میں ڈھیل دوں گا لَهُمْ : ان کے لیے اِنَّ : بیشک كَيْدِيْ : میری خفیہ تدبیر مَتِيْنٌ : پختہ
اور میں انہیں ڈھیل دیئے جا رہا ہوں، بیشک میری تدبیر بڑی ہی مضبوط ہے،2
258 اللہ کی تدبیر بڑی ہی سخت ہوتی ہے : اتنی سخت اور اس قدر مضبوط کہ اس کا مقابلہ تو درکنار۔ ایسے لوگ اس کو سمجھ بھی نہیں سکتے۔ اور ان کو اس کا شعور و احساس تک نہیں کہ ہمیں پکڑا اور جکڑا جا رہا ہے۔ بلکہ یہ بتانے پر بھی اس کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہوتے۔ وہ ان کو انکے کفر و باطل پر فوراً پکڑتا نہیں بلکہ ڈھیل پر ڈھیل دیئے جاتا ہے جس سے یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ٹھیک ہیں اور اپنی اصلاح کرنے کی بجائے یہ الٹا اپنے کفر و باطل پر اڑ جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ دھر لیے جاتے ہیں اور اپنے آخری انجام کو پہنچ کر رہتے ہیں ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ سو اللہ پاک کی بغاوت و سرکشی اور معاصی وذنوب کے باوجود ایسے عناصر کو ڈھیل ملنا اطمینان کی بات نہیں بلکہ یہ نہایت ہی سخت خطرے کا پیش خیمہ ہوتا ہے اور اس کا انجام بڑا ہی ہولناک ہوتا ہے ۔ والعیاذ باللہ -
Top