Tafseer-e-Madani - Al-Maaida : 25
قَالَ فِیْهَا تَحْیَوْنَ وَ فِیْهَا تَمُوْتُوْنَ وَ مِنْهَا تُخْرَجُوْنَ۠   ۧ
قَالَ : فرمایا فِيْهَا : اس میں تَحْيَوْنَ : تم جیو گے وَفِيْهَا : اور اس میں تَمُوْتُوْنَ : تم مروگے وَمِنْهَا : اور اس سے تُخْرَجُوْنَ : تم نکالے جاؤگے
نیز فرمایا کہ وہیں تم نے جینا ہے اور وہیں تم نے مرنا ہے، اور اسی میں سے تمہیں (قیامت کے روز) نکالا جائے گا
29 بعث بعد الموت کی تذکیر و یاددہانی : سو اس سے واضح فرما دیا گیا کہ انسان کو مرنے کے بعد پھر اسی زمین سے اٹھایا جائے گا۔ سو بعث بعد الموت کی تذکیر و یاددہانی کے طور پر ارشاد فرمایا گیا کہ اسی سے تم لوگوں کو نکالا جائے گا یعنی قیامت کے روز تاکہ تم زندگی بھر کے اپنے اپنے کئے کرائے کا پورا پورا بدلہ پا سکو۔ پس دنیا کی اس عارضی منزل کو تم کہیں اپنی حقیقی منزل اور اصل اور آخری ٹھکانہ نہ سمجھ لینا کہ یہ اساس و بنیاد ہے دائمی خسارے اور ناکامی کی ۔ والعیاذ باللہ العظیم ۔ بلکہ اس کو کسب آخرت کی فرصت اور اس کا موقع سمجھتے ہوئے آخرت کی اپنی اصل اور حقیقی زندگی کیلئے کمائی کرنا ۔ وباللہ التوفیق ۔ بہرکیف اس سے ان تمام مراحل کو بیان فرما دیا گیا جن سے آدم اور اولاد آدم کو گزرنا ہے۔ سو ان کو بتادیا گیا کہ ان تمام مراحل سے گزر کر تم نے بالآخر لوٹ کر ہمارے ہی پاس آنا ہے۔ سو اس وقت ہم تمہیں بتادیں گے کہ تم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔ اور حیات دنیا کے میدان مقابلہ سے تم سرخرو ہو کر لوٹے ہو یا نامراد ہو کر ۔ والعیاذ باللہ ۔ اللہ ہمیشہ صراط مستقیم پر گامزن رکھے ۔ آمین۔
Top