Tafseer-e-Mazhari - Al-A'raaf : 23
قَالَا رَبَّنَا ظَلَمْنَاۤ اَنْفُسَنَا١ٚ وَ اِنْ لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَ تَرْحَمْنَا لَنَكُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ
قَالَا : ان دونوں نے کہا رَبَّنَا : اے ہمارے رب ظَلَمْنَآ : ہم نے ظلم کیا اَنْفُسَنَا : اپنے اوپر وَاِنْ : اور اگر لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا : نہ بخشا تونے ہمیں وَتَرْحَمْنَا : اور ہم پر رحم (نہ) کیا لَنَكُوْنَنَّ : ہم ضرور ہوجائیں گے مِنَ : سے الْخٰسِرِيْنَ : خسارہ پانے والے
دونوں عرض کرنے لگے کہ پروردگار ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا اور اگر تو ہمیں نہیں بخشے گا اور ہم پر رحم نہیں کرے گا تو ہم تباہ ہو جائیں گے
قالا ربنا ظلما انفسنا آدم ( علیہ السلام) و حوّ اء نے عرض کیا پروردگار ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا۔ گناہ کر کے اور جنت سے نکالے جانے کا سامان کر کے خود اپنا نقصان کیا اپنے کو خود تباہ کیا۔ وان لم تغفرلنا وترحمنا لنکونن من الخاسرین اگر تو ہماری خطا معاف نہیں کرے گا اور ہم پر رحم نہیں فرمائے گا تو ہم تباہ ہوجائیں گے۔ اس آیت سے ثابت ہو رہا ہے کہ اگر صغیرہ گناہ معاف نہ کئے تو ان کی سزا ہوسکتی ہے۔ معتزلہ کے نزدیک صغیرہ گناہوں کی سزا نہیں دی جائے گی (خواہ ان کو معاف نہ کیا گیا ہو) بشرطیکہ کبیرہ گناہوں سے آدمی اجتناب رکھتا ہو (کبیرہ کا مرتکب نہ ہو)
Top