Ruh-ul-Quran - Al-Hajj : 74
مَا قَدَرُوا اللّٰهَ حَقَّ قَدْرِهٖ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَقَوِیٌّ عَزِیْزٌ
مَا قَدَرُوا : نہ قدر جانی انہوں نے اللّٰهَ : اللہ حَقَّ قَدْرِهٖ : اس کے قدر کرنے کا حق اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ لَقَوِيٌّ : قوت والا عَزِيْزٌ : غالب
انھوں نے اللہ کی قدر نہ پہچانی جیسے اس کی قدر پہچاننے کا حق تھا۔ بیشک اللہ تعالیٰ بڑا طاقتور اور سب پر غالب ہے۔
مَاقَدَرُواللّٰہَ حَقَّ قَدْرِہٖ ط اِنَّ اللّٰہَ لَقَوِیٌّ عَزِیْزٌ۔ (الحج : 74) (انھوں نے اللہ کی قدر نہ پہچانی جیسے اس کی قدر پہچاننے کا حق تھا۔ بیشک اللہ تعالیٰ بڑا طاقتور اور سب پر غالب ہے۔ ) ان مشرکین نے اللہ کی قدر نہیں پہچانی۔ اگر انھیں ذرا بھی اس کی عظمت اور قدرت کا اندازہ ہوتا تو وہ کبھی کسی مخلوق کو اس کا شریک کرنے کی جسارت نہ کرتے۔ چہ جائیکہ ایسی چیزوں کو اللہ کا شریک بنادیا جائے جو مکھی اڑانے پر بھی قادر نہ ہوں۔ ان کے بتوں اور دیوی دیوتائوں کی بےبسی اور کمزوری تو ایک حقیقت ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح اس سے بھی بڑھ حقیقت یہ ہے کہ اللہ قوی ہے یعنی اس کی قوتوں کا کوئی مثیل نہیں اور وہ عزیز ہے یعنی سب پر غالب ہے۔ زمین اور آسمان کی تمام مخلوقات اس کے قبضے میں ہیں اور اس کے سامنے عاجز ہیں۔ وہ جو ارادہ فرماتا ہے اس کو پورا کرنے پر پوری قدرت رکھتا ہے اور کسی کو مجال نہیں کہ کوئی اس کے ارادے میں مزاحم ہوسکے۔
Top