Tafseer-e-Majidi - Al-Hajj : 74
مَا قَدَرُوا اللّٰهَ حَقَّ قَدْرِهٖ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَقَوِیٌّ عَزِیْزٌ
مَا قَدَرُوا : نہ قدر جانی انہوں نے اللّٰهَ : اللہ حَقَّ قَدْرِهٖ : اس کے قدر کرنے کا حق اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ لَقَوِيٌّ : قوت والا عَزِيْزٌ : غالب
ان لوگوں نے تعظیم نہ کی اللہ کی جو اس کی تعظیم کا حق ہے،126۔ بیشک اللہ بڑا قوت والا ہے غالب ہے،127۔
126۔ یعنی اس کی وہ عظمت جو اس سے رشتہ عبدیت وتعلق عبودیت پیدا کرنے کے لیے کافی ہے۔ انسان اسی کا مکلف ہے اور اسی درجہ کی عظمت نہ محسوس کرنے کا کافروں پر الزام ہے۔ باقی اللہ کی شایان شان، اور سزاوار الوہیت عظمت کا اندازہ تو وہ کون کرسکتا ہے۔ اور نہ اس کا کوئی بشر یا کوئی مخلوق مکلف ہے۔ آیت کے مخاطب تمام منکرین توحید ہیں، خواہ ثنویہ ہوں یا اہل تثلیث ہوں یا مشرکین ہوں۔ 127۔ معبودیت والوہیت کا حق صرف اسی کو پہنچتا ہے نہ کہ بےقدرت، بےبس مخلوقات میں سے کسی کو۔
Top