Tafseer-e-Madani - Al-Hashr : 16
كَمَثَلِ الشَّیْطٰنِ اِذْ قَالَ لِلْاِنْسَانِ اكْفُرْ١ۚ فَلَمَّا كَفَرَ قَالَ اِنِّیْ بَرِیْٓءٌ مِّنْكَ اِنِّیْۤ اَخَافُ اللّٰهَ رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ
كَمَثَلِ : حال جیسا الشَّيْطٰنِ : شیطان اِذْ : جب قَالَ : اس نے کہا لِلْاِنْسَانِ : انسان سے اكْفُرْ ۚ : تو کفر اختیار کر فَلَمَّا : تو جب كَفَرَ : اس نے کفر کیا قَالَ : اس نے کہا اِنِّىْ : بیشک میں بَرِيْٓءٌ : لا تعلق مِّنْكَ : تجھ سے اِنِّىْٓ : تحقیق میں اَخَافُ : ڈرتا ہوں اللّٰهَ : اللہ رَبَّ الْعٰلَمِيْنَ : رب تمام جہانوں کا
ان شہ دینے والوں کی مثال شیطان کی سی ہے، جو انسان سے کہتا ہے کہ کفر کر، اور جب انسان کفر کر بیٹھتا ہے تو اس وقت وہ کہتا ہے کہ میں تجھ سے بری ہوں، میں تو اللہ رب العالمین سے ڈرتا ہوں
کَمَثَلِ الشَّیْطٰنِ اِذْقَالَ لِلْاِنْسَانِ اکْفُرْ ج فَلَمَّا کَفَرَ قَالَ اِنِّیْ بَرِیْٓ ئٌ مِّنْـکَ اِنِّیْٓ اَخَافُ اللّٰہَ رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ ۔ (الحشر : 16) (ان شہ دینے والوں کی مثال شیطان کی سی ہے، جو انسان سے کہتا ہے کہ کفر کر، اور جب انسان کفر کر بیٹھتا ہے تو اس وقت وہ کہتا ہے کہ میں تجھ سے بری ہوں، میں تو اللہ رب العالمین سے ڈرتا ہوں۔ ) منافقین کی مثال شیطان سے یہ منافقین جس طرح بنی نضیر کو شہ دے رہے تھے اور ساتھ دینے کے جھوٹے وعدے کرکے انھیں ڈٹ جانے کی ترغیب دے رہے تھے۔ اس آیت کریمہ میں ان کی مثال شیطان سے دی گئی ہے کہ ان کا رویہ وہی ہے جو انسان کی گمراہی میں شیطان کا رویہ ہوتا ہے۔ وہ پہلے انسان کو گمراہی کا راستہ دکھاتا ہے اور جب آدمی اس کے چکمے میں آکر کوئی جرم کر بیٹھتا ہے تو وہ ناصح بن کر اس کو ملامت کرتا اور اس کا ساتھ چھوڑ دیتا ہے۔ چناچہ آج یہ اسی طرح بنو نضیر کو جھوٹے وعدے کرکے یقین دلا رہے ہیں کہ ہم ہرحال میں تمہارا ساتھ دیں گے، تم مسلمانوں سے لڑ جاؤ۔ لیکن اگر ان وعدوں پر اعتماد کرکے وہ مسلمانوں سے بھڑ گئے تو یہ شیطان کی روایت کے مطابق دامن جھاڑ کر ان سے الگ ہوجائیں گے۔ اور اس کی تمام تر ذمہ داری بنونضیر پر ڈال دیں گے۔ چناچہ جنگ بدر میں شیطان نے ایسا ہی کیا۔ جس کا سورة الانفال میں ذکر کیا گیا ہے کہ پہلے وہ اشرافِ قریش کو بڑھاوے چڑھاوے دے کر بدر میں مسلمانوں کے مقابلے پر لے آیا۔ اور جب دونوں فوجیں آمنے سامنے ہوئیں تو وہ یہ کہتا ہوا پشت پھیر کر بھاگ نکلا اِنِّیْ بَرِیٌٔ مِّنْـکُمْ اِنِّی اَرَیٰ مَالاَ تَرَوْنَ اِنِّی اَخَافَ اللّٰہَ ” میں تم سے بری الذمہ ہوں، مجھے وہ کچھ نظر آرہا ہے جو تمہیں نظر نہیں آتا، مجھے تو اللہ سے ڈر لگتا ہے۔ “
Top